جماعت اسلامی خیبرپختونخوامیں 2018کے انتخابات میں غالب اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئیگی،شبیراحمد خان

بھارت میں سرتاج عزیز کیساتھ پیش آنے والا واقعہ حکمرانوں کی بھارت نواز پالیسی کا خمیازہ ہے ، رہنماء جماعت اسلامی

پیر 5 دسمبر 2016 16:21

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء اورمشیرافغان اموربرائے امیر جماعت اسلامی پاکستان شبیراحمد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوامیں جماعت اسلامی 2018کے انتخابات میں غالب اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئے گی ترازو کا نشان باقی تمام نشانوں پر سبقت لے جائے گا ان خیالات کااظہار انہوں نے کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع صوابی نے کام کی وسعت اورمزید فعالیت کے لئے نئے سیٹ اپ کا اعلان کردیاجس میں قومی اسمبلی کے دوحلقوں پر مشتمل تنظیم سازی کی گئی ۔

اس سلسلے میں حلف برادری تقریبات منعقدکی گئی جس میں پنجاب اسمبلی کے سابق رکن ونائب امیر ضلع راولپنڈی پروفیسرمحمد وقاص،سابق ایم این اے ورکن مرکزی مجلس شوریٰ محمد عثما ن خان ایڈوکیٹ ،ضلعی امیر محمودالحسن اورضلعی جنرل سیکرٹری سیدواجد علی شاہ نے خصوصی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ان رہنمائوںنیNA-13کے امیرسعیدزادہ یوسفزئی سے رازخوڑنہ ہوٹل ٹھنڈ کوئی جبکہ بعدازاں NA-12 کے امیر ڈاکٹر ہارون الرشید ناصر سے اسلامیہ سکول اینڈ کالج شیوہ اڈہ میں حلف لیا۔

دونوں تقریبات میں جماعت اسلامی کے کارکنان اورمعززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے شبیر احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی اعلائے کلمة اللہ اورغلبہ دین کی تحریک ہے پاکستان میں کوئی بھی جماعت ایسی صاف اور بے داغ قیادت پیش نہیں کرسکتی جو جماعت اسلامی کے پاس ہے۔انھوں نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے یہ پیغام اورامید لائے ہیں کہ انھوںنے کہا کہ بھارت میں سرتاج عزیز کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ حکمرانوں کی بھارت نواز پالیسی کا خمیازہ ہے بھارت نے اپنے منفی اورانتہاپسندانہ سوچ کا عملی مظاہرہ کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہماراخطہ مجاہدین اسلام کا گھر ہے پہلے روس یہاں سے ٹکڑے ٹکڑے ہوکرنکلا اور اب امریکہ یہاں شکست وریخت سے دوچار ہے۔پاکستان کے اندر آج بھی وہ سیکولرطبقہ موجو دہے جوروس کے سرخ انقلاب کے استقبال کے لئے بارڈر کے اس پار منتظرتھاوہی لوگ آج امریکی محبت میں جہاد کو گالی بنا کر پیش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مولانامودودیؒ کی فکر اورسوچ سے وابستہ اسلامی تحریکیں آج ترکی،تیونس،لبنان،مصر اوردیگر کئی ملکوں میں کامیابی سے ہمکنارہورہی ہیں اوراسلامی تہذیب نے مغربی تہذیب کو پچھاڑ دیا ہے عنقریب پاکستان میں بھی مولانامودودیؒکی جماعت کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔اوراسلامی انقلاب کا یہ سورج صوبہ خیبر پختونخواسے طلوع ہوگا۔