عوامی فلاح و بہبود کے محکمے خصوصی افراد کی بہتری میں مثبت کردار ادا کریں،سکندرحیات شیرپائو

پیر 5 دسمبر 2016 16:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود اور آبپاشی سکندر حیات خان شیرپائو نے خصوصی بچوں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ محکموں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن محکموں کے اہلکار اچھے نتائج اور بہتر کارکردگی دکھانے کے پابند ہیںاور عوامی فلاح و بہبود بالخصوص معزور (خصوصی)افراد کی بہتری کیلئے اپنا کردار مثبت انداز میں اداکرنے کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد پشاور میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام سوشل ویلفیئر خصوصی تعلیم اور خواتین کی ترقی کے محکمے نے یو این ایچ سی آر اور دوسرے اداروں کی تعاون سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خصوصی بچوں نے تقریب کی تمام تر کاروائی اور مذکورہ دن کے حوالے سے تقاریر اور دوسری سرگرمیاں پیش کیں جنہیں تقریب کے شرکاء نے بہت سراہا۔

تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر عبدالجبار شاہ ،ڈائریکٹر محمد نعیم ،ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن جاوید یوسف علی اور یو این ایچ سی آر کی نمائندہ محترمہ مومنہ بتول کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور خصوصی بچوں اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے خصوصی طلبہ کی کارکردگی، تعلیمی میدان میں دلچسپی اور تکنیکی مہارتوں کو سراہتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی بچوں اور ان کے اداروں کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ترجیحی بنیادوں پر ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی تعلیم وتربیت کے اداروں کو ترقی دینے کے سلسلے میں کسی بھی اقدا م سے دریغ نہیں کیا جائے گا جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور دوسر ے ذمہ دار محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی تعلیم کے مراکز کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں مزید توسیع دینے کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ اور تجاویز جلد ازجلد حکومت کو اسال کریں تاکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر سماجی بہبود نے تقریب کو بتایا کہ خصوصی بچوں کیلئے قائم سکول کو آئندہ سال اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ خصوصی بچوں کیلئے 7ماڈل ہائی سکولز اور تربیتی مراکز بنانے کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جارہاہے جنہیں آہستہ آہستہ ضلعی سطح پر پھیلایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے 75ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کررہی ہے جبکہ حیات آباد میں قائم خصوصی تعلیم کے مرکز کو درپیش مسائل کے حل کرنے کی بھی یقین دہانی کی ۔

انہوں نے معزور افراد کیلئے تعلیمی نصاب کو اپ گریڈ کرنے ،برائل پریس کے قیام اور دوسرے مسائل بروقت حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے خصوصی طلبہ کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور ان بچوں کی تیارکردہ اشیاء میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کی کائوشوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل خصوصی بچوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے اور خصوصی تعلیم کی اداروں سے فارغ افراد سے بھی خصوصی گفتگو کی جو کہ مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔