اٹک میں بارانی زرعی یونیورسٹی میں تعمیراتی کام فوری مکمل کیا جائے گا، میڈیکل کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا

نئے بوائز کالج کے لیے زمین حاصل کر کے تعمیرات کرائیں گے، موجودہ پوسٹ گریجویٹ کالج کی عمارت کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین بنا دیا جائے گا وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کاہٹیاں اٹک روڈ پرپیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کیمپس کا سنگ بنیاد

پیر 5 دسمبر 2016 16:04

اٹک میں بارانی زرعی یونیورسٹی میں تعمیراتی کام فوری مکمل کیا جائے گا، ..
اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اٹک کے ہونہار طلبہء کے لیے علم کو انکی دہلیز تک پہنچائیں گے، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں اٹک کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پوار کریں گے۔ انہوں نے یہ بات ہٹیاں اٹک روڈ پر ایک ہزار کنال پر تعمیر کی جانے والی پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، اٹک کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹرزہیرحسنین ،اسٹنٹ رجسٹرار الطاف حسین سیال ،رجسٹرار ڈاکٹر ثروت ناز مرزا ،پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمان،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شاہد علی خان،ڈائریکٹر ورکس سہیل بھٹی،اسٹوڈنٹس ریسورس سینٹر وقاص چوہدری ،ڈین سائینسز ڈاکٹر عبد الشکور،ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات،اے ڈی سی جی اکرام الحق،اسٹنٹ کمشنر فاطمہ بشیرکے علاوہ مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدیداران کے علاوہ یونیورسٹی کے طلبہ ء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے خطہ پوٹھوہار میں بارانی زرعی یونیوسٹی کا قیام ایک اہم ضرورت اور میری ذاتی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں کہا کہ اس یونیورسٹی میں تعمیرات کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے گا تا کہ وہ طلبہ جنہوں نے عارضی طور پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک میں دو سال مکمل کیے اور اپنی اعلی تعلیم کو جاری رکھ سکیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیکل کالج کا قیام بھی میری دیرینہ خواہش تھی تاہم اساتذہ کی کمی کے باعث اس میں مشکلات تو آ سکتی ہیں مگر نا ممکنات کا لفظ میری سیاست میں نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ ملک کو معاشی قوت بنا کر ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں لا کھڑا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اٹک کے طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیاں اٹک میں رہ کر اپنے والدین کے زیر سایہ مکمل کریں گے اور انہیں کسی دوسرے اضلاع میںجانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اٹک کے طلباء کے لیے وزیر اعلی میاں شہباز شریف سے نئے بوائز کالج کے لیے زمین حاصل کر کے تعمیرات کرائیں گے اور موجودہ پوسٹ گریجویٹ کالج کی عمارت کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین بنا دیا جائے گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے اپنے خطبہ استبالیہ میں وفاقی وزیر کو اٹک کے طلباء کے لیے بارانی یونیورسٹی کی صورت میں گراں قدر تحفہ دینے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی زراعت کو ترقی دینی ہے تو پوٹھوہار دنیا میں ایک نام پیدا کرے گا اور یہ زرعی یونیورسٹی ایک بڑی اہمیت کی حامل ثابت ہو گی ۔