چین نے 2016ء میں عظیم سفارتی کامیابیاں حاصل کیں

چینی سفارت کاری زیادہ فعال ، زیادہ ترقی پسند ، زیادہ پراعتماد اور زیادہ پختہ رہی ترقی پذیر ممالک میں دوستوں کا دائرہ وسیع ہوا ، فلپائن سے تعلقات میں تبدیلی آئی برکس اور جی 20-ممالک کیساتھ تعاون کو فروغ حاصل ہوا ، کامیابیوں پر فخر ہے ،چینی وزیر خارجہ

پیر 5 دسمبر 2016 15:08

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 دسمبر2016ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین نے 2016ء میں عظیم سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، روڈ اینڈ بیلٹ کا منصوبہ اس کی ایک بڑی کامیابی ہے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے ، دنیا بھر کے 100ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے اس منصوبے کے بارے میں اپنا مثبت تعاون اور اس میں شرکت کرنے کا عندیہ دیا ہے،چین نے چالیس ممالک اور بین الاقوامی تنظیمو ں کیساتھ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی تعمیر کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ،چینی وزیر خارجہ یہاں چینی ا نسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز میں خارجہ پالیسی کے بارے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ 2016ء میں چینی سفارت کاری زیادہ فعال ، زیادہ ترقی پسند ، زیادہ پراعتماد اور زیادہ پختہ رہی ،چینی خصوصیات کے ساتھ ایک بڑی طاقت کی سفارتکاری ہر جانب پیشرفت کررہی ہے اور اس نے چینی عوام کے افتخار کیلئے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن پر چینی عوام کو فخر ہے ، چینی وزیر خارجہ نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی حکمرانی کے نظام میں اصلاحات کیں اور بڑی کامیابی سے جی20-رہنمائوں کی ہانگ جو میں کانفرنس منعقد کی ،جس میں عالمی اقتصادی اور عالمی حکمرانی کی جانب قیادت کی ،ایشیاء بحرالکاہل اقتصادی تعاون کے فروغ اور ایشیاء بحرالکاہل فری تجارتی زونز کی تعمیر ایسے عمل ہیں جنہوں نے ایک نیا جذبہ پید ا کیا ہے ،ہم نے آب و ہوا کی تبدیلی کے مسئلے پر بڑی طاقتوں سے بات چیت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی تعاون میں بھی استحکام برقرار رکھنے کیلئے مواقع سے فائدہ اٹھایا ، فلپائن کے ساتھ تعلقات میں دوبارہ تبدیلی آئی ہے ، اور وہ جنوبی بحیرہ چین کا مسئلہ مذاکرات اور پر امن بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے سلسلے میں صحیح سمت میں واپس آ گیا ہے ،گردو پیش کے ماحول اور علاقائی صورتحال میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون اور تبدیلیوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے ، بڑے ممالک کے ساتھ تعلقات میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے منصوبے تیار کئے گئے ہیں ، امریکہ کے انتخابی سال کے دوران اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں درست سمت کی طرف صحت مندانہ اور مستحکم پیشرفت ہو ، چین اور روس کے درمیان جامع حکمت عملی کا تعاون اور شراکت داری کی سطح مزید بلند ہوئی ہے ، یورپین سفارتکار ی میں مشرق وسطیٰ یورپ موسیقی اور کلچرل پروگرام شروع کئے گئے جبکہ برکس ممالک کے تعاون میں ٹھوس اعتماد پیدا کیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منظر نامے پر ترقی پذیر ممالک میں دوستوں کا دائرہ وسیع ہوا ، بین الاقوامی شراکت داری کا نیٹ ورک جس میں ترقی پذیر ممالک پر توجہ دی گئی ، بنیادی طورپر تشکیل پا گیا ہے اور بہتر ہو گیا ہے ، اس سال سات ممالک کے ساتھ نئی شراکت داری اور دیگر گیارہ ممالک کیساتھ شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے ، جن کی اکثریت کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی بحیرہ چین کے حقوق اور سلامتی کا مکمل تحفظ کیا گیا ،اس کیلئے پوری جدوجہد کی گئی ، جنوبی بحیرہ چین کے مسئلے پر 120ممالک اور 240سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں نے چین کے قانونی موقف کو سمجھا اور اس کی حمایت کی جبکہ ملک میں چینی حکومت نے اصلاحات اور نئے منصوبے شروع کئے ، اس کے چار صوبوں گوانگ زی ، شانزی ، سچوان اور ننگ زیا میں عالمی سطح کی سرگرمیاں منعقد ہوئیں ۔

چینی وزیر خارجہ نے چینی سفارتکاری کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ چین نے جدت پالیسی کے تحت چین کے نظریہ سفارتکاری کے نظام کو بہتر بنایا ہے،جی20-ہانگ جو کانفرنس میں چین کے صدر شی چن پھنگ نے عالمی اقتصادی حکمرانی، حکمرانی کے طریقہ کار اور بین الاقوامی اقتصادی حکمرانی سسٹم میں اصلاحات کو فروغ دینے کیلئے چینی روڈ میپ بھی پیش کیا۔

انہوں نے زور د ے کر کہا کہ 2017ء چین کے ترقیاتی عمل میں بڑی اہمیت کا حامل ہے ، ہم انیس کی پارٹی میں رہنما ہونگے اور تیرہویں پنجسالہ منصوبے کے ذریعے جامع منصوبہ بندی کے مرحلے کو مزید فروغ دیں گے ، اور کامریڈ شی چن پھنگ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کی قیادت کریں گے اور آنیوالے وقت میں چین ملکی اور قومی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے گا ، بین الاقوامی سطح پر اعتماد کو فروغ دیا جائے گا اور دوطرفہ مفادات کیلئے کام کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :