ٹیکس کٹوتیوں میں بے ضابطگیاں ، ایف بی آر کا سرکاری ہسپتالوں ،میڈیکل کالجز کا چار سالہ آڈٹ کرنے کا فیصلہ

کمیٹیاں تشکیل ، ادویات کی خریداری کے لئے کنٹریکٹرز کو کی گئی ادائیگیوں پرٹیکس کٹوتی کا جائزہ ڈاکٹرز کی تنخواہوں،سکیورٹی گارڈز ،چارٹرڈ اکانٹنٹس،وکلا کی سروسز ،ہسپتالوں میں تعمیراتی ٹھیکوں،کنٹینز اور پارکنگ سٹینڈز کے ٹھیکوں پر ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ کریں گی بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر انتظامیہ کے خلاف ٹیکس قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی ‘ ذرائع

پیر 5 دسمبر 2016 15:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ود ہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں میں بے ضابطگیوں کاجائزہ لینے کیلئے سرکاری ہسپتالوں اور میڈیکل کالجز کا چار سالہ آڈٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ،کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ، بے ضابطگیاں ثابت ہونے پرمیڈیکل کالجز اورہسپتالوں کی انتظامیہ کے خلاف ٹیکس قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی،علامہ اقبال میڈیکل کالج،کنگ ایڈورڈا ورسروسزہسپتال سمیت لاہور کے سات میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں میں کنٹریکٹرز کو کی گئی ادائیگیوں، ادویات کی خریداری اور ڈاکٹرزکی تنخواہوں سمیت مختلف پہلوئوں پرچھان بین کریگا۔ایف بی آر نے شہر کے میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں کا ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

(جاری ہے)

آڈٹ ٹیموں میں انسپکٹر ان لینڈ ریونیو محمد نوید بٹ،محسن منظور کاظمی، عبدالرحمان،سعید احمد صدیقی اور انسپکٹرمحمد قاسم شامل ہیں۔کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کے کمشنر ان لینڈ ریونیو سید محمود حسین جعفری اور ڈپٹی کمشنر محمد نذیررضوی کی سربراہی میں ایف بی آرکی ٹیمیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی،سروسز ہسپتال،علامہ اقبال میڈیکل کالج ،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی،پنجاب میڈیکل فیکلٹی،پنجاب فارمیسی کونسل،پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج اینڈ لاہور جنرل ہسپتال کا چار سالہ آڈٹ کریں گی۔

ایف بی آرکی ٹیمیں انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن ایک سو ترپن ون اے کے تحت ادویات کی خریداری کے لئے کنٹریکٹرز کو کی گئی ادائیگیوں پرٹیکس کٹوتی کا جائزہ لیں گی۔سیکشن ایک سو ترپن ون بی،ایک سو ترپن ون سی اور دوسو چھتیس اے کے تحت بالترتیب ڈاکٹرز کی تنخواہوں،سکیورٹی گارڈز ،چارٹرڈ اکانٹنٹس،وکلا کی سروسز ،ہسپتالوں میں تعمیراتی ٹھیکوں،کنٹینز اور پارکنگ سٹینڈز کے ٹھیکوں پر ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ کریں گی۔ایف بی آرذرائع کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس معاملات میں آڈٹ کے بعد بے ضابطگیاں ثابت ہونے پرمیڈیکل کالجز اورہسپتالوں کی انتظامیہ کے خلاف ٹیکس قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :