آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد 177تک پہنچ گئی

ہائیکورٹ نے حکم عدولی کی ایک اور درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 9دسمبر کو جواب طلب کر لیا

پیر 5 دسمبر 2016 14:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ میں آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی کل تعداد 177تک پہنچ گئی ، حکم عدولی کی ایک اور درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 9دسمبر کو جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ نے باغبانپورہ کے بشارت چوہدری کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کی جانب سے حاجی مشتاق احمد بھٹی ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔درخواست گزارکے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار محکمہ پولیس میں گریڈ 14کا اسسٹنٹ تھا ،2015ء میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دی تاہم دوبارہ ریٹائرمنٹ کی درخواست واپس لینے کی بھی درخواست دائر کردی ۔درخواست واپس لینے کیلئے دی گئی درخواست پر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہورہی تھی ۔

(جاری ہے)

معاملہ عدالت میں آنے پر عدالت نے آئی جی کو زیرالتوا درخواست پر 1 ماہ میں فیصلہ کا حکم دیا تھا تاہم کافی عرصہ گز ر جانے کے باوجود ابھی تک درخواست پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی ۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر آئی جی مشتاق سکھیراکیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ جس پر فاضل عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو آئی جی سے ہدایات لیکر 9دسمبر کو جواب دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :