ملک میں کرپشن کے بعد اہم مسئلہ بڑھتی آبادی ہے ،مودی نوٹ بندی کے بعد نس بندی کا قانون بھی بنائیں

ہندوں کو زیادہ بچے پیدا کر نے کا درس دینے والے بھارتی وزیر گری راج سنگھ کا یو ٹرن

پیر 5 دسمبر 2016 14:27

ملک میں کرپشن کے بعد اہم مسئلہ بڑھتی آبادی ہے ،مودی نوٹ بندی کے بعد ..
پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 دسمبر2016ء) ہندوں کو زیادہ بچے پیدا کر کے ہندو آبادی کا درس دینے والے بھارت کے مرکزی وزیر گری راج سنگھ یو ٹرن لیتے ہوئے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے خلاف لنگوٹ کس کر میدان میں آ گئے اورمودی سرکار سے نو ٹ بندی کے بعد نس بندی کا قانون بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے حلقے نوادا میں ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گری راج سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرپشن کے بعد سب سے اہم مسئلہ بڑھتی ہو ئی آبادی ہے اس لئے نوٹ بند ی کے بعد اب انڈیا میں نس بندی کے لئے قانون بنانے کی انتہائی ضرورت ہے،گری راج سنگھ کا کہنا تھا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی ہمارے لئے کسی دھماکے سے کم نہیں ،اگر یہ اسی طرح بڑھتی رہی تو کسی دن ہمارا دھماکہ ہو جائے گا ،اس لئے اسے فوری طور پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبادی دنیا کی کل آبادی کا 16 فیصد ہے اور ہر سال آسٹریلیا کی آبادی کے برابر اس میں اضافہ ہوتا ہے،لہذا مودی سرکار کو نوٹ بندی کی طرح اس پر بھی سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے پاسوان بھی ملک میں نس بندی قانون لانے کا مطالبہ کر چکے ہیں ۔ رواں سال اکتوبر کے مہینے میں گری راج سنگھ نے کہا تھا کہ ہندوں کو زیادہ بچہ پیدا کر ملک میں ہندو آبادی بڑھانے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔