قومی ووٹرز ڈے )پرسوں (منایاجائے گا

پیر 5 دسمبر 2016 14:04

قومی ووٹرز ڈے )پرسوں (منایاجائے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے قومی ووٹرز ڈے پرسوں بدھ کو منایاجائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ، اس سلسلہ کی سب سے اہم تقریب ایوان صدر میں ہوگی ۔ اس کے علاوہ چاروں گورنر ہائوسز میں تقریبات ہوں گی۔ اس کے علاوہ بطور شراکت دار میڈیا سے شہریوں کی ووٹر ایجوکیشن میں معاونت لی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا ریڈیو پر خصوصی پیغامات نشر کئے جائیں گے جبکہ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2018ء کو صاف شفاف بنانے کے لئے اقدامات کاآغاز کردیا ہے جن میں انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظر ثانی کاکام آخری مراحل میں ہے جس کے بعد ووٹروں کی کل تعداد 9کروڑ 80لاکھ سے تجاوز ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

آئندہ عام انتخابات میں دیانتدار باصلاحیت اور بااعتمادعملہ کے تقرر کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے آفیسران کی فہرستیں لی جا رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور پولنگ سٹاف کی تربیت کے لئے ہنڈ بک تیار کی گئی ہے ، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے جینڈر اینڈ ڈس ایبلیٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے ۔ پولنگ سٹیشن کی سطح پر رزلٹ مینجمنٹ سسٹم 2018ء کے انتخابات میں بھی اپنایاجائے گااس میں شفافیت ، صلاحیت سمیت دیگر بہتری لائی گئی ہے انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کانظام متعارف کروایا جارہاہے ۔

102اضلاع میں ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ انتخابی ساز و سامان اور بیلٹ پیپرز کو محفوط بنانے کے لئے مختلف مقامات پر ویئر ہائوس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ پولنگ سٹیشن کی نشاندہی کے لئے جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کانظام متعارف کرایاگیاہے۔الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک ویریفکیشن مشینیں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کررہاہے اور اس ضمن میں 400الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں اور 300 بائیو میٹرک ویریفیکیشن مشینیں خریدنے کاعمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے فروری 2012ء سے شروع کئے جانے والے 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے ووٹ کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر پہلا عالمی ایوارڈ حاصل کیا۔