پانامہ کیس کے فیصلے کے بعدپاکستان کئی دہائیوں بعد اپنے سنہرے دور میں داخل ہوگا ‘ مسرت چیمہ

پیر 5 دسمبر 2016 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعدپاکستان کئی دہائیوں بعد اپنے سنہرے دور میں داخل ہوگا اور پھر دنیا کی کوئی طاقت اس کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکے گی ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی در حقیقت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ،جب اقتدار میں ہوں تو انہیں عوام کا خیال نہیں آتا اور اپوزیشن میںہوتے ہوئے انہیں معاشی اور سماجی انصاف کی جدوجہد یاد آ جاتی ہے۔

گزشتہ روز پارٹی دفتر میں شمالی لاہور سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے دل سے یہ خیال نکال دیں کہ پانامہ لیکس کامعاملہ کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

نہ صرف عوام اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا کو اپنا مشن سمجھتے ہیں بلکہ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں دیکھنے کیلئے بھی بے چین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس کے کیس کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مشاورت اور تیاری کر رہی ہے ۔حکمران قطر کے شاہی خاندان کو جتنی مرضی پر تکلف دعوتیں اور پر تعیش تحائف کیساتھ شکار کرا لیں اب انہیں عوام کے غیض و غضب کا شکار ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بڑا روشن اور شاندار ہے اور پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد پاکستان کئی دہائیوں بعد اپنے سنہرے دور میں داخل ہوگا اور اس کے بعد عوام کی زندگیوں میں بھی خوشحالی اور آسودگی آئیگی ۔