وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے فنانسنگ پلان کی اصولی منظوری دے دی

پی ایس ڈی پی کے تحت مختص رقوم اور واپڈا سی حاصل ہو نے والے وسائل سے سرمائے کی فراہمی تجویز

پیر 5 دسمبر 2016 13:10

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے فنانسنگ پلان کی اصولی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خود انحصاری کی بنیاد پر دیامر بھاشا ڈیم کے فنانسنگ پلان کی اصولی منظوری دے دی ہے ۔ جدت کاحامل یہ منصوبہ سیکرٹری پانی و بجلی نے پیر کو وزیر اعظم کو پیش کیا جس میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت مختص رقوم اور واپڈا سی حاصل ہو نے والے وسائل سے اس منصوبے کے ڈیم کے حصہ کے لئے سرمائے کی فراہمی تجویز کی گئی ہے جبکہ بجلی کی پیداوارکے حصے کے لئے بقیہ سرمائے کاانتظام وزارت پانی و بجلی واپڈا کے ذریعے یا اپنے موجودہ منصوبہ جات کی لیزنگ کے ذریعے تجارتی بنیادوں پرکرے گی ۔

وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی، سیکرٹری منصوبہ بندی اور سیکرٹر ی خزانہ کوہدایت کی کہ مالیاتی تجویز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے سیکرٹری پانی و بجلی کو یہ بھی ہدایت کی کہ2017ء کے اختتام سے پہلے ڈیم پر فزیکل ورک شروع کرنے کے لئے تیاریوں کا آغاز کیا جائے۔ وزیر اعظم نے اس امر کو بھی سراہاکہ ڈیم کے لئے اراضی کا حصول وزارت اور گلگت بلتستان انتظامیہ کی کوششوں سے پایہ تکمیل پہنچ چکاہے ۔

یاد رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نی2009ء میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ کثیر الجہتی ڈونرز کے ذریعے سرمائے کی فراہمی کے لئے کوششوں میں بہت زیادہ وقت صرف ہورہا ہے اور پاکستان کو پانی کی قلت پر قابو پانے کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے۔ موجودہ ڈیموں کی ذخیرہ کی گنجائش مٹی جمع ہونے کی بناء پر تیزی سے کم ہورہی ہے اورخشک سالی کے باعث ملک کی زرعی پیداوارمیں بھی ہر چند سال بعد کمی آرہی ہے لہٰذا مزید آبی ذخائر کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ دیا مر بھاشا ڈیم مجموعی طور پر8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکے گا جس میں سے 64 لاکھ ایکڑ فٹ براہ راست ذخیرہ ہو گا اوراس سے 4500 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیداہوگی۔