نئی دہلی میں امریکی سیاح خاتون اپنے ٹور گائیڈ سمیت 4 افراد کی زیادتی کا شکار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 5 دسمبر 2016 12:45

نئی دہلی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 دسمبر 2016ء) :بھارت میں اکثرو بیشتر ہی سیاح خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات سننے میں آتے ہیں، اسی خطرے کے پیش نظر کئی مغربی ممالک اپنے سیاحوں کو باقاعدہ طور پر بھارت جانے سے قبل اس حوالے سے خبردار بھی کرتے ہیں۔ تاہم حال ہی میں ایک اور غیر ملکی سیاح خاتون اپنے ہی ٹور گائیڈ اور اس کے ساتھیوں کی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک امریکی سیاح خاتون اپنے ٹور گائیڈ اور اس کے ساتھیوں کی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔ نئی دہلی پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔امریکی سیاح خاتون نے بتایا کہ نئی دہلی میں میرا گینگ ریپ رواں سال دورہ بھارت کے دوران کیا گیا۔ اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون اس وقت امریکہ میں موجود ہے، سیاح خاتون نے نئی دہلی پولیس کو اپنے ریپ کی شکایت بذات خود درج کروائی۔

(جاری ہے)

نئی دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر مکیش مینا کا کہنا ہے کہ امریکی سیاح خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کا ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور متعلقہ خاتون کی طرف سے عائد کیے گئے الزامات کا جائزہ لیکر ہر ممکن طریقے سے مکمل تحقیقات اور تفتیش کی جائے گی۔دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی پولیس سے اس گینگ ریپ کے ذمے دار ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج کا کہنا تھا کہ ’’میں نے امریکہ میں بھارتی سفیر کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس جُرم کا نشانہ بننے والی خاتون سے رابطہ قائم کر کے انہیں یقین دلائیں کہ ملزمان کو ان کے کیے کی سزا ضرور دلوائی جائے گی۔‘‘متاثرہ امریکی خاتون نے بھارتی پولیس کو بتایا کہ میرے مقامی ٹور گائیڈ کو سیاحت کے دوران مختلف انتظامی امور کے لیے ہوٹل میں میرے کمرے تک رسائی حاصل تھی۔

اس نے مجھے پینے کے لیے پانی کی ایک بوتل دی، جس کے بعد مجھے چکر آنے لگے۔ اور بعد ازاں اس نے اپنے چار دیگر دوستوں کو بھی میرے کمرے میں بُلا کر دروازہ اندر سے بند کر دیا۔ خاتون نے بتایا کہ ان پانچوں ملزمان نے مجھے ہوٹل میں میرے ہی کمرے میں مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ نئی دہلی پولیس نے بھی امریکی خاتون کو مکمل تعاون اور ملزمان کو سزا دلوانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

متعلقہ عنوان :