دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔آپریشن ضرب عضب کو جاری رکھنے ، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور قومی نوعیت کے دیگر اہم امور پر گفتگو-آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقاتیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 دسمبر 2016 12:43

دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔آپریشن ضرب عضب کو جاری ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 دسمبر۔2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ملک کا دفاع مضبوط ہوگا۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے ہدایت کی کہ ملک میں مکمل امن کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل اور آپریشن ضرب عضب کو مقاصد کے حصول تک جاری رکھا جائے،جس پرآرمی چیف نے کہا کہ وہ دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔واضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر کو پاک فوج کی کمان سنبھالی ہے جس کے بعد ان کی صدر ممنون حسین سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔

دریں اثناءآرمی چیف نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے بھی اہم ملاقات کی جس میں اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب کو جاری رکھنے ، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور قومی نوعیت کے دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔