کراچی، نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے 11 افراد جاں بحق، 65 زخمی ہو گئے

پیر 5 دسمبر 2016 10:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) کراچی میں شارع فیصل پر نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے نتیجے میں دم گھٹنے اور جھلسنے سے 11 افراد جاں بحق اور 65 زخمی ہو گئے ۔ پی ٹی وی کے مطابق شارع فیصل پر نجی ہوٹل کے گراؤنڈ فلور پر رات گئے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں خواتین و بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوگئے۔

جاں بحق افراد کی نعشیں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زیادہ اموات دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 30 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق ہوٹل کی عمارت میں دھواں بھرجانے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر تقریباً 3 گھنٹے بعد قابو پالیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت متعدد غیر ملکی بھی ہوٹل میں موجود تھے۔ ہوٹل انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے ہوٹل میں موجود دھوئیں کو نکالنے کے بعد ہوٹل میں موجود دیگر افراد کو بھی بحفاظت باہر نکال دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :