مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ کشمیر مسئلہ ہے،عبدالباسط

اتوار 4 دسمبر 2016 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ کشمیر کا مسئلہ ہے اور اسے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چائیے۔ اتوار کو امرتسر بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بھارت سے مذاکرات کے حق میں رہا ہے تاہم پاکستان کی اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لئے گزشتہ 35سال سے قربانیاں دے رہا ہے۔ نائن الیون کے واقعہ کے بعد پاکستان کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے کانفرنس میں شریک دیگر ممالک بھی خطے میں پائیدار امن کے لئے مل کرکردار ادا کریں۔

انہوں نے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز اور افغان صدر کے درمیان ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کی قیادت باہمی مسائل کا حل بات چیت سے نکال لے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے اعلامیہ میں پاکستانی طالبان کا نام شامل کیا گیا ہے، ٹی ٹی پی کی تمام قیادت افغا نستان میں ہے اور افغان اور دیگر ممالک کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔