حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان اپنی عظمت رفتہ کو دوبارہ آواز دے سکتے ہیں‘ محمد اکرم اعوان

اتوار 4 دسمبر 2016 22:50

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)تنظیم الاخوان کے سربراہ امیر محمد اکرم اعوان نے اتوار کے روز بتایا کہ قرآن اور سیر ت طیبہ پر مسلمانوں نے عمل چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سمیت تمام امت مسلمہ ذلیل ورسوا ہورہی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان اپنی عظمت رفتہ کو دوبارہ آواز دے سکتے ہیں۔ وہ دارالعرفان منارہ میں بڑے وسیع پنڈال میں روحانی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

جلسے سے صقارہ اکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹر عبدالقدیر اعوان سینٹر جنرل(ر) عبدالقیوم اور سینٹر طلحہ محمود نے بھی خطاب کیا۔ روحانی اجتماع میں 15ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور بیرون ملک اور اندرون ملک سے لوگ بڑے قافلوں کی شکل میں دارالعرفان منارہ پہنچے۔ حضرت امیر محمد اکرم اعوان نے استحکام پاکستان ، اسلام کی سربلندی اور سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیقات کی خصوصی دعا کرائی۔

(جاری ہے)

روحانی جلسے میں ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، ایم این اے میجر طاہر اقبال، ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ ، بزرگ مسلم لیگی رہنما ملک اسلم سیتھی، چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر، نوجوان مسلم لیگی رہنما چوہدری حیدر سلطان، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابرسلیم محمود، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ثناء الحق ،علی سانول، ملک اشتیاق باری، ملک شبیر اعوان، ملک سلیم اعوان، ملک مظہر خان، عمران شبیر اعوان، صوبیدار اکرم منارہ،ہاشم خارن ڈھرنال،عبدالحق، سبط اللہ راشدی، سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ محمد شریف اور تنظیم الاعوان کے مرکزی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔