عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مسلم قیادت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

مکة المکرمة ، مدینة المنورة پر حملے اور بیت المقدس میں اذان پر پابندی پر ہر کلمہ گو مضطرب ہے، برما سے لے کر کشمیر تک اور شام سے عراق تک بہنے والا خون مسلم دنیا کی توجہ چاہتا ہے،وحدت امن کانفرنس سے خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مسلم قیادت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے ۔ مکة المکرمة ، مدینة المنورة پر حملے اور بیت المقدس میں اذان پر پابندی پر ہر کلمہ گو مضطرب ہے ۔ برما سے لے کر کشمیر تک اور شام سے عراق تک بہنے والا خون مسلم دنیا کی توجہ چاہتا ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔

کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت کے مراکز مکة المکرمة اور مدینة المنورہ ہیں مسلمانوں کی وحدت کے ان مراکز کو نشانہ بنانے کا مقصد مسلمانوں کے ایمان اور جذبات سے کھیلنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برما میں جس طرح مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے ، اس پر اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

اسی طرح شام میں بشار الاسد کی حکومت کو بچانے کیلئے ایران اور شام کی سرپرستی پورے عالم اسلام کیلئے تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 32 سے زائد شہروں میں بیداری مسلم مہم کا مقصد پاکستانی عوام کو عالم اسلام کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف متحد کرنا اور ارض حرمین الشریفین کی سلامتی اور استحکام اور دفاع کا عزم کرنا ہے ۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر نے کہا کہ فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ تشدد نے امت مسلمہ کو تقسیم کر کے رکھا ہے ۔ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش جیسے فتنوں کو مسلمانوں کی تقسیم اور قتل عام کیلئے بنایا گیا ہے ۔ نوجوان نسل کو ان فتنوں سے بچانے کیلئے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ یکم مارچ کو اسلام آباد میں دوسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس ہو گی جس میں مختلف اسلامی ممالک کے قائدین شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے شیشان کانفرنس کے بعد شیخ الازہر اور سعودی عرب کے علماء کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

آج شیشان کانفرنس کے بارے میں پاکستان علماء کونسل کے موقف تسلیم کیا گیا ہے ۔ کانفرنس سے مولانا عبد الحق مجاہد ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا اسعد اللہ شفیق ، میاں محمد امجد ، مولانا احمد ندیم ، مولانا انوار الحق مجاہد ، مولانا اشفاق پتافی اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :