مہاجرقوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا نہیں جاسکتا ،وسیم احمد

حکمران جاگیردرانہ طرزحکمرانی برقرار رکھنے کے لئے عوام کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیل رہی ہے، جوائنٹ سیکرٹری مہاجرقومی موومنٹ

اتوار 4 دسمبر 2016 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء)مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے جوائنٹ سکر یٹری وسیم احمد نے عارضی بیت الحمزہ پر آئے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ کراچی کی عوام کو امن کے نام پر دئیے جانے والے لولی پاپ سے بہلایا نہیں جاسکتاملک اور شہر میں امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہیںمگر اس کا ہر گِز یہ مطلب نہیںکہ امن کے نام پر عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محر وم کردیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام اپنے حقوق ،وسائل اور اختیارات کو بخوبی سمجھتی ہے حکمران اپنی جابرانہ ظالمانہ اور جاگیردرانہ طرزحکمرانی برقرار رکھنے کے لئے عوام کو غربت، مفلسی اور جہالت کے اندھیروں میں دھکیل رہی ہے۔انہوں کہا کہ مہاجر عوام کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا نہیں جاسکتا تاریخ گواہ ہے مہاجر قوم دیگر قوموں کو غلامی سے نجات دلانے اور آزادی کا شعور بیدار کر نے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور اپنی حیثیت سے بڑھ کر دیگر قوموں کے لئے قربانی دی ہے ایسی باشعور اور بہادر قوم کو کوئی غلام بنانے کا خواب دیکھے وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے وسائل اور اختیارات سے مہاجر قوم کو محروم رکھنے کی خواہش حکمرانوںکی منفی سوچ کی عکاسی کرتی ہے جبکہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے تمام قومیتوں اور مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے سے نہ صرف ملکی ترقی کا سبب بنے گا بلکہ آپس میں یگانگیت اور ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہما ر ا کسی قوم یا مذہب سے کوئی اختلاف نہیں مگر اپنی قوم کے لوگوںکے حقوق کی پر امن جدوجہد ہمارا حق ہے جس سے ہمیں کوئی دست بردار نہیں کرسکتا۔