یونیورسٹی روڈ کی فی الفور تعمیر کر کے عوامی مسئلہ حل کیا جائے ،اسد اللہ بھٹو

تعمیر کے کام کا جلد آغاز نہ کیا گیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس اور میئر کراچی کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ احتجاجی کیمپ سے یونس بارائی اور دیگر کا خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور پچھلے دو ماہ سے جاری ایک مسلسل تحریک کے باوجود حکمران طبقہ متوجہ نہیں ہوپارہا ۔ عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں ،روڈ کی خراب صورتحال پر عوام کے اندر شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔

حکومت سندھ ،یونیورسٹی روڈ فوری تعمیر کرکے عوامی مسئلہ حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی گلستان زون جوہر کے تحت جاری ’’یونیورسٹی روڈ تعمیر کرومہم ‘‘میں لگنے والے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتجاجی کیمپ سے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی اور امیر زون انجینئر عمر فاروق ، قیم زون نصر عثمانی ، نائب امراء سلیم عمر ، نعمان الیاس ،جمال آفریدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

احتجاجی کیمپ میں رہائشی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور تجارتی انجمنوں کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور جماعت اسلامی کی مہم میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی کیمپ کا دورہ کیا ۔ کنزیومر سوسائٹی کے چیئرمین سید صلاح الدین ، سجاد دارا ، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی نے بھی کیمپ کا دورہ کیا ۔

انجینئر عمر فاروق نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور بلدیاتی ادارے مسلسل صرف وعدہ کررہے ہیں لیکن یونیورسٹی روڈ کا اب تک آغاز نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب یونیورسٹی روڈ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاجی تحریک آگے بڑھے گی اور متاثرین یونیورسٹی روڈ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور میئر کراچی کے دفتر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :