شاہ عبدالطیف کے ماننے والے سندھ کے عوام تقسیم کی ہر کوششوں کو ناکام بنائیں گے، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم (پاکستان) کے زیراہتمام پی آئی بی میں واقع عارضی پر مرکز پر منعقدہ سندھی ٹوپی اجرک ڈے کے شرکاء سے خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) اردو بولنے والے سندھی اور سندھی بولنے والے سندھی دونوں مل کر سندھ کو پاکستان کا ترقی یافتہ صوبہ اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے زیراہتمام پی آئی بی میں واقع عارضی پر مرکز پر منعقدہ سندھی ٹوپی اجرک ڈے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالطیف کے ماننے والے سندھ کے عوام تقسیم کی ہر کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے ایسا نہیں ہونے دیں گے لیکن ہم 2018ء میں اس ناانصافی کے نظام کو ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیرالٰہی بخش نے جس اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اردو بولنے والوں کو اپنی زمینوں پر آباد کیاتو اسی طرح آج ہم اردو بولنے والے بھی اپنے سندھی بھائیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خاتمہ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کریں گے اور انصاف پر مبنی نظام قائم کریں گے۔ تقریب میں ایم کیو ایم (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، و اراکین رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹیو کونسل کے ذمہ داران، حق پرست اراکین اسمبلی، فنکاروں، کے ایم او سی کے ذمہ داران و کارکنان، مختلف یوسیز و ٹاؤنز کے ذمہ داران و کارکنان سمیت بڑی تعداد میں حق پرست عوام نے شرکت کی جبکہ میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کا اہتمام عارضی مرکز پی آئی بی میں کیا گیا جہاں اجرک کے ڈیزائن کی مناسبت سے تیارکردہ خوبصورت اسکرین آویزاں کی گئی تھی جس پر سندھی زبان میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے اور سندھی ثقافتی دن کی مبارکباد دی گئی تھی۔ اس موقع پر تقریب میں شریک سندھی اکابرین کی جانب سے ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی گئی۔ تقریب میں پی ٹی وی کی نامور فنکاروں کی جانب سے سندھی ترانے گائے گئے جس پر کارکنان و عوام نے والہانہ رقص کیا اور ان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

متعلقہ عنوان :