ایم کیوایم آئندہ میئر کراچی غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی پڑھی لکھی اور بلاصلاحیت کسی خاتون کو نامزد کرے گی، ڈاکٹر فاروق ستار

اتوار 4 دسمبر 2016 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ خواتین نے ہر دور اور معاشرے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، خواتین کی شرکت و شمولیت کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کا خواب دیکھنا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) آئندہ بلدیاتی انتخابات جتنے کے بعد میئر کراچی غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی پڑھی لکھی اور بلاصلاحیت کسی خاتون کو نامزد کرے گی۔

ان خیات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) وومن ڈیوپلمنٹ فورم کے زیراہتمام عزیز آباد 8میں واقع شمیم میرج گارڈن میں ’’’وومن کنونشن سینٹر‘‘ ’’دعوت فکر ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں حلیم کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ خواتین کیلئے ملبوسات اور جیولری کی نمائش بھی لگائی گئی تھی جس میں خواتین نے بھر پور دلچسپی لی ۔

تقریب سے رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرا اور حق پرست میئر کراچی وسیم اختر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم شعبہ خواتین کی ذمہ داران و اراکین بھی موجود تھیں ۔ ایم کیوایم کنوینرڈاکٹر فاروق ستار نے تقریب سے شرکاء سیخطاب کر تے ہوئے کہا کہ حقوق نسواں کیلئے پاکستان میں ایم کیوایم سے زیادہ کسی بھی سیاسی و مذہبی جماعت نے عملی کردار ادا نہیں کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے جس میں سب سے زیادہ خواتین شامل ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیوایم خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کے حقوق اور انہیں ہر شعبے میں عزت و احترام کے ساتھ شامل رکھنے کا اسلام بھی درس دیتا ہے لیکن ہمارے ملک میں بعض عاقبت نااندیش خواتین کو پیر کی جوتی سمجھ کر انہیں غلامی اور زمانہ جاہلیت والی زندگی گزارنے پر مجبور کرتے ہیں اور ان کے حقوق کی بری طرح سے پامالی کرتے ہیں جو کہ انتہائی بد ترین اور غیر اسلامی اور غیر قانونی عمل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم خواتین کے حقوق کیلئے ملک کے ایوانوں میں کئی قرار دادیں اور بل پیش کرچکی ہے اور حقوق نسواں بل ایم کیوایم کا سب سے بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے ایم کیوایم (پاکستان ) خواتین کیلئے بنیادی حقوق ، ان کے تحفظ ، معاشر ے میں بلند اور احترام کے مقام ، نوکریوں میں جائز حصہ سمیت تمام بنیادی حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے اور اسی وجہ سے ایم کیوایم کو ایسے عناصر کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جو خواتین کااستحصال کررہے ہیں اور انہیں جائز حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرانے کہاکہ ایم کیوایم خواتین کے سیاسی حقوق اور سماجی نامحرمیوں کے خاتمہ کرکے دم لے گی، خواتین کے ہنر ، فن اور صلاحیتوں سے انکار کرنے والے دراصل خوفزدہ ہیں اور اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کی روش برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کااحترام اور انہیں عزت فراہم کئے بغیر اچھا معاشرہ قائم نہیں کیاجاسکتا لہٰذا خواتین کے اسلامی ، قانونی اور بنیادی حقوق دینے میں ہی ممالک اومعاشروں کی ترقی و خوشحالی پنہاں ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ حق پرست قیادت خواتین کے مسائل اورمشکلات سے بخوبی آگاہ ہے انشاء اللہ تعالیٰ بلدیاتی اداروں میں اور ان کے ذریعے خواتین کیلئے جو کچھ بھی کرسکے وہ کریں گے اور انہیں تحفظ کا ایسا احساس دیں گے جس سے خواتین میں خود اعتمادی بڑھے گی اور وہ شہر ، صوبے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرسکیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی خواتین نے اپنے اپنے ممالک کے نام روشن کئے ہیں اور پاکستان کی خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہے بس انہیں تحفظ ، بنیادی، سماجی اور معاشری اور اسلامی حقوق میسر مل جائیں تو خواتین پر کوئی بھی ناجائز طریقے سے انگلی اٹھانے اور حملہ کرنے کی جرات نہیں کرسکتا ہے اور ایم کیوایم اور بلدیاتی قیادت خواتین کیلئے ایسے ہی پیکیج پر کام کررہی ہے اور انشاء اللہ خواتین کو آگے سے آگے لیجانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کا استعمال کریں گے ۔ تقریب سے رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن سندھ اسمبلی ہیر سوہو نے بھی خطاب اور وومن کنونشن سینٹر میں تقریب کا انعقاد کرنے والی منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔