وزیراعظم کراچی اچی کے لئے علیحدہ سے ایجوکیشنل پیکیج کا اعلان کریں، میئرکراچی کی وزیراعظم سے درخواست

کراچی کے باصلاحیت طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں بھی آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع ملیں، وسیم اختر

اتوار 4 دسمبر 2016 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم پاکستان سے درخواست کی ہے کہ کراچی کے لئے علیحدہ سے ایجوکیشنل پیکیج کا اعلان کریں تاکہ یہاں کے باصلاحیت طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں بھی آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع ملیں، 70 سال سے کراچی پورے پاکستان کو چلا رہا ہے لیکن کراچی کو کچھ نہیں ملتا اس شہر کے رہنے والے طلبا و طالبات وزیراعظم کی جانب دیکھ رہے ہیں تاکہ انہیں اس شہر کے لئے کوئی خصوصی ایجوکیشنل پیکیج مل سکے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملک کا بہترین کالج ہے جہاں طلبا و طالبات کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جاتے ہیں ۔

مالیاتی مسائل کے باوجود اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تعلیمی معیار میں کوئی کمی نہ آئے اور یہ معیاری اور مثالی درس گاہ کے طور پر پورے ملک میں اپنی شناخت برقرار رکھے یہ بات انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں MBBS اور BDS میں داخلے کے خواہشمند طلبا و طالبات کے انٹرویوز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلعی میونسپل کارپوریشن وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور انٹرویو بورڈ کے ارکان و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئرکراچی وسیم اختر نے طلبا و طالبات کو انٹرویوز کے مرحلے سے گزرتے ہوئے خود دیکھا جبکہ انٹر میں نمایاں نمبرز حاصل کرنے کے باعث ایک طالبہ کو سیلف فنانس میں داخلے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ باصلاحیت طلبا و طالبات کا استحصال کسی صورت نہیں ہونا چاہئے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ جن طلبا و طالبات کی کارکردگی بہتر ہوگی انہیں اسکالر شپ دی جائے گی انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لئے جدوجہد آج بھی جاری ہے اور انشاء اللہ جلد ہی اس پر عمل بھی ہوگا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا کہ جہاں تعلیم حاصل کرنے کے لئے طلبا و طالبات کو فیس کی کمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو اور وہ ایک بہتر ماحول میں سکون کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ سکیں ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اقوام کی ترقی میں تعلیم کا کردار بہت اہم ہے لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنی قوم کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کریں کہ جس میں رہتے ہوئے وہ اپنے سفر کو آگے جاری رکھ سکیں انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں MBBS اور BDS داخلے کے لئے لفظ میرٹ استعمال نہ کیا جائے کیونکہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ہے ہی ایک ایسا ادارہ کہ جہاںصرف اور صرف داخلے کے بنیاد میرٹ ہی ہے اور ہم آئندہ بھی اس روایت کو قائم رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہر فیکلٹی میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لئے ماہر اساتذہ کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ وہ مستقبل کے معماروں کو بہترین تربیت فراہم کرسکیں۔

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایم بی بی ایس میں 250 اور بی ڈی ایس میں (100) سو طلبا و طالبات کو داخلے دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :