کراچی میں ادبی و ثقافتی تقاریب کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، میئرکراچی

ہر شخص کا میئر ہوں، مل کر شہر کو خوبصورت بنانا ہے،ہماری ٹیم نے لامحدود جذبے کے ساتھ شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے کاموں کا آغاز کردیا ہے، وسیم اختر

اتوار 4 دسمبر 2016 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں ادبی و ثقافتی تقاریب کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے وہ ادارے اور افراد قابل تحسین ہیں جو شہر کے سوفٹ امیج کو بحال کرانے کے لئے اپنی کوششیں بروئے کار لارہے ہیں آرٹس کونسل کراچی میں نویں عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد سے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شعراء ،ادباء اور سامعین کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے سے ملیں، انہیں سمجھیں اور محبتوں کے پیغام کو عام کریں میں کراچی کے ہر شخص کا میئر ہوں ہمیں مل کر اس شہر کو خوبصورت بنانا ہے اور ہماری ٹیم نے لامحدود جذبے کے ساتھ شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے کاموں کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ جلد ہی صورتحال پر قابو پالیں گے، وزیراعلیٰ سندھ بھی شہر کی خوبصورتی اور اس کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ہمیں امید ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہرممکن تعاون اور ہمارے ہاتھ مضبوط کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں جاری نویں عالمی اردو کانفرنس کے موقع پر رات گئے منعقدہ مشاعرے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر آرٹس کونسل کے احمد شاہ، اعجاز فاروقی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر بھی موجود تھے۔

قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے مشاعرے میں شریک تمام ادباء و شعراء سے فرداً فرداً ملاقات کی اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے شعراء کو کراچی میں خوش آمدید کہا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اس شہر میں رہنے والا اور ہر زبان بولنے والا ہمارے ساتھ تعاون کرے ہم باہمی جدوجہد کے ساتھ اس شہر کو مسائل سے نکالیں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ہماری صرف اتنی درخواست ہے کہ حکومت ہمارے ہاتھ مضبوط کرے کیونکہ اگر بلدیاتی نمائندے مضبوط ہوں گے اور ان کے پاس اختیارات ہوں گے تو یقینا وہ شہر اور شہریوں کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں ہم اپنی آخری حد تک یہ کوشش کر رہے ہیں کہ شہر کو جتنا ممکن ہوسکے مسائل سے چھٹکارا دلایا جائے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ کراچی کا دامن بہت وسیع ہے کراچی نے اپنے پاس آنے والے اور یہاں رہنے والے ہر شخص کو اپنی آغوش فراہم کی ہے لہٰذا یہ اس شہر کا حق اور یہاں رہنے والوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس شہر کو اون کریں ، میئر کراچی وسیم اختر نے آرٹس کونسل میں نویں عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ شہر میں ادبی و ثقافتی محافل کے انعقاد میں آرٹس کونسل کراچی اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، قبل ازیں احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے جب اپنے منصب کا حلف اٹھایا تھا تو انہوں نے اس وقت ہی یہ وضاحت کردی تھی کہ وہ کسی پارٹی کے میئر نہیں بلکہ وہ کراچی میں رہنے والے ہر شخص کے میئر ہیں اور ان کے دروازے بلاامتیاز رنگ و نسل سب کے لئے کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت عمدہ سوچ ہے اور اس سوچ کے ساتھ میئر کراچی اپنے سفر کو جاری رکھیں ہماری جانب سے بھی میئر کراچی کے لئے مکمل تعاون ہوگا اور ہم ان کی کامیابی کے لئے دعا گو رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :