وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ترکی کے شہر قیصری سے ویڈیو لنک کے ذریعے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اجلاس سے خطاب

بلدیاتی اداروںکی سربراہی کیلئے ایماندار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشارقیادت کو آگے لایا جائے گا‘شہبازشریف

اتوار 4 دسمبر 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ بلدیاتی اداروںکی سربراہی کیلئے ایماندار ،دیانتدار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشارقیادت کو آگے لایا جائے گااوربلدیاتی اداروں کی قیادت ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے میں کردارادا کرے گی اور بلدیاتی اداروںکی قیادت کو عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آج ترکی کے شہر قیصری سے ویڈیو لنک کے ذریعے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی بھر پور حمایت سے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو شاندار کامیابی ملی ہے اوراس کامیابی کا تقاضا ہے کہ عوامی خدمت کیلئے کمر بستہ ہوکر کام کیا جائے اورعوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرایا ہے اس مینڈیٹ کی ذمہ داری ادا کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کی قیادت کو محنت،دیانت اورامانت کو شعار بنانا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشنوں کے میئر ز،ڈپٹی میئرز،ضلع کونسلوں کے چیئرمین اوروائس چیئرمین کے عہدوں پر انہی لوگوں کا چناؤ کیا جائے گاجو امانت ،دیانت اور محنت کے جذبے سے سرشار ہوں گے۔اراکین قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف، مہر اشتیاق احمد، پرویز ملک، سینیٹر سعود مجید، صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ، ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، اور دیگر حکام نے ماڈل ٹائون سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔