ملک بھر کی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں بھی سندھی ثقافت کا دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا

اتوار 4 دسمبر 2016 20:20

ڈیرہ مرادجمالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)ملک بھر کی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں بھی سندھی ثقافت کا دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا‘ ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں نے کندھوں پر سندھی اجرک اور سروں پر سندھی ٹوپی سجائے ہوئے تھے۔ ثقافت ڈے کی ریلی جاموٹ ہاؤس سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالماجد ابڑو کی قیادت میں نکالی گئی ریلی بس اڈہ،مزدورچوک ،اسٹیڈیم چوک سے ہوتی ہوئی ڈی سی چوک پہنچی۔

ریلی کے شرکاء نے ڈھول کی تھاپ پر خوشی میں رقص کرتے رہے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نصیرخان ناصر نے ریلی میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔ تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالماجدابڑو،محمد وارث ابڑو،نصیراللہ نظام بھٹو،منظوراحمد ابڑو،محمد عثمان ابڑوودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے جو موہن جو دڑو کی تہذیب سے جا ملتا ہے‘ اس وقت بلوچستان میں بھی لاکھوں کی تعداد میں سندھی زبان بولنے والے افراد بستے ہیں اور آج کے دن پوری دنیا سمیت بلوچستان بھر کے سندھی زبان بولنے والے اپنے دن کو نہایت جوش اور خروش سے منا رہے ہیں یہ دن ہمارے لیے خوشیوں کا تہوار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج کادن منانے کا بنیادی مقصد ہے کہ ہمیںاپنی ثقافت ٹوپی اجر ک کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے اور اس ثقافت کو زندہ رکھنا اور اپنی نئی نسل تک پہنچا نا ہی زندہ قوموں کی نشانی ہے اور دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنی ثقافت کو زندہ و تابندہ رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھی زبان والے افراد اپنی آنے والی نسل کوجدید تعلیم سے روشناس کرکے دیگر قوموں کے شانہ بشانہ ملک کی اور سندھی قوم کو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔