پاکستان سرمایہ کاری کیلئے مشکل ملک تصور کیا جاتا ہے، ایشائی ترقیاتی بنک

امن و امان کی صورتحال‘ توانائی بحران‘ ٹیکس کا پیچیدہ نظام اور لائسنس کا حصول پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے 2 سو ملین ڈالردیں گے، 2015 ء میں 1 ارب 50 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دی ،کنٹری ڈائریکٹر

اتوار 4 دسمبر 2016 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ڈاکٹر وارنرلی پیج نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک مشکل ملک تصور کیا جاتا ہے‘ امن و امان کی صورتحال‘ توانائی کا بحران‘ ٹیکس کا پیچیدہ نظام اور لائسنس کا حصول پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں ‘ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی یلئے ایشیائی ترقیاتی بینک 2 سو ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

2015 ء میں پاکستان کیلئے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دی گئی ہے جس سے سمارٹ میٹرنگ سسٹم پاور ڈسٹری بیوشن‘ محصولات میں اضافے اور خسارے کو کم کرنے کے منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور گروتھ ریٹ میں اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں توانائی کے بحران کا خاتمہ صرف پاکستان بلکہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے توانائی کے منصوبوں کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک خطیر رقم مختص کی ہے جس سے نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بھی ممکن ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول مزید سازگار بنانے کی ضرورت ہے اس وقت سرمایہ کاری کے معاملے میں کئی مسائل درپیش ہیں اور بیرونی سرمایہ کار انہی خطرات کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہچکچاتے ہیں انہوںنے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے علاوہ توانائی کا بحران ہے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں ٹیکس کے پیچیدہ نظام سے ہی خائف ہیں اگر سرمایہ کار کو دوست ماحول فراہم کیا جائے تو ماحول بہت بہتر ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان سے بجلی لوڈ شیڈنگ 2025 ء تک ختم ہوسکتی ہے 2018 ء تک پاکستان کے سسٹم میں صرف پانچ ہزار میگاواٹ بجلی آسکتی ہے پاکستان میں تیس فیصد عوام کو بجلی کی سہولت میسر ہی نہیں ہے جبکہ بجلی استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد میں بل ادا نہیں کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2025 ء تک پاکستانی عوام کو ایسی بجلی ملے گی جو ان کیلئے قابل برداشت ہوگی انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں کیلئے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر مختص کئے ہیں جبکہ 2016 ء سے 2018 ء تک پاکستان کیلئے 3 ارب 65 کروڑ ڈالر مالی پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ (عابد شاہ/اعجاز خان)

متعلقہ عنوان :