سرگودھا،تمام ای ڈی اوز کے اپنے اپنے اضلاع میں ہسپتالوں، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی سنٹروں پر اچانک دورے

صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں بہتری لانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں، مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں، ہدایت

اتوار 4 دسمبر 2016 19:52

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں بہتری لانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں، تمام ای ڈی اوز اپنے اپنے اضلاع میں ہسپتالوں، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی سنٹروں پر اچانک دورے کریں اور مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ حکومت کی جانب سے شعبہ ہیلتھ کیلئے گرانٹ کی کوئی حد مقرر نہیں کی، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بلینڈ چیک دے دیا ہے اور کہا ہے کہ شعبہ ہیلتھ کے ہر شعبہ میں بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز لاہور میں ہونے والی ای ڈی اوز ہیلتھ کانفرنس سے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ای ڈی او ہیلتھ سروس ڈاکٹر نصرت جاوید نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں غفلت، لا پرواہی ہرگز برداشت نہ کی جائے گی، ادویات اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جس کیلئے حکومت کی جانب سے یہ واضح احکامات جاری کر دیئے گئے جبکہ شعبہ ہیلتھ کیلئے 2016-17 کیلئے رکھے بجٹ سے بھی زائد رقم بھی دینا پڑی تو اس سے بھی کوئی دریغ نہیں کیا جائے گا لیکن عام آدمی کو ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تمام ای ڈی اوز اپنے اپنے اضلاع میں کیپٹن کی حیثیت سے کام کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہسپتالوں کے مسائل حل ہو جائیں گے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، ڈاکٹروں کی کمی اور مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں، ای ڈی اوز کانفرنس میں تمام ای ڈی اوز کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی خراب مشینری کی مفصل رپورٹ اور ادویات کے علاوہ دیگر ضروریات سے بھی آگاہ کریں۔