نیشنل پریس کلب ڈیرہ اللہ یار کے زیر اہتمام سینئر صحافی مرحوم عزیز اللہ بلوچ کی13ویں برسی پریس کلب میں منائی گئی

اتوار 4 دسمبر 2016 19:52

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء)نیشنل پریس کلب ڈیرہ اللہ یار کے زیر اہتمام سینئر صحافی مرحوم عزیز اللہ بلوچ کی13ویں برسی پریس کلب میں منائی گئی ۔ اس موقع پر مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس بھی منعقد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پریس کلب کے صدرسینئر صحافی محمد ہاشم بلوچ ، محمد علی کٹوہر،سارنگ مستوئی ،دلشاد احمد کھوسہ، زاہد انجم عمرانی، فداحسین دھرپالی ، لیاقت مستوئی ، ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم عزیز اللہ بلوچ کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انھوںنے کم عمری میں کانٹوں کا سیج چن کر علاقائی مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اور تمام دباؤکو بالائے طاق رکھ کر حق و سچ کا علم ہاتھ میں تھامے رکھا۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہاکہ مرحوم نے جیل و قید کی صعوبتیں بھی برداشت کیں مگر اپنے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔ مقررین نے کہاکہ مرحوم نے نصیرآباد ڈویژن میں صحافت کی بنیاد رکھی اور غریب عوام کے مسائل کو اپنا سمجھ کر انھیں حل کرنے کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ۔

انھوںنے کہاکہ مرحوم عزیز اللہ بلوچ کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ اور ان کے نقش قدم پر چل کر صحافی اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو اور بہتر انداز میں امور دے سکتے ہیں۔ انھوںنے کہاکہ مرحوم عزیز اللہ بلوچ صحافت کاایک درخشاں باب ہے جس کی تمام عمر عوام اور صحافتی امور کی خدمات سے مزین ہے ۔ انھوںنے کہاکہ مرحوم عزیز اللہ بلوچ کی صحافت کامقابلہ آج کے جدید دور میں بھی نہیں کیا جاسکتا اور نامساعد حالات کے باوجود حق و سچ کی آواز کو بروقت اور اہم مسائل پر بہترین انداز میں لب کشائی کی۔ مرحوم عزیز اللہ بلوچ کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی ،غرباء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔