حکمران جماعت کے اپنے ایم این اے ہی پولیس کیخلاف سڑکوں پر آگئے

چوہدری نثار احمد جٹ نے پولیس کے رویہ کے خلاف سینکڑوں دیہاتیوں کے ہمراہ فیصل آباد جھنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیدیا

اتوار 4 دسمبر 2016 19:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) مسلم لیگ ن کے ایم این اے چوہدری نثار احمد جٹ نے پولیس کے رویہ کے خلاف سینکڑوں دیہاتیوں کے ہمراہ فیصل آباد جھنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ دھرنے کی وجہ سے فیصل آباد جھنگ روڈ کئی گھنٹے تک بند رہی۔ آن لائن کے مطابق تھانہ ٹھیکری کی پولیس نے گزشتہ روز سدھار منڈی میں ایک بوگس چیک کے مقدمہ میں ملزم نوید کو گرفتار کرنے کیلئے گئی جہاں پولیس نے چادر اور چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے گھر میں موجود خواتین اور مرد افراد کو ناصرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں ہراساں بھی کیا جبکہ اہل خانہ کاکہنا تھا کہ نوید ایک عرصہ سے گائوں میں نہیں آتا مگر اس دوران تھانہ پولیس اور گائوں کے لوگوں کا جھگڑا ہوگیا۔

بعد ازاں ٹھیکری تھانہ کے ایس ایچ او اور دیگر پولیس کی بھاری نفری نے گائوں پہنچ کر پندرہ سے زائد افراد کو پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

چنانچہ اس پولیس غنڈہ گردی کے خلاف مسلم لیگ ن کے ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد جٹ سینکڑوں دیہاتیوں کے ہمراہ فیصل آباد جھنگ روڈ سدھار منڈی میں پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا ڈاکٹر نثار احمد جٹ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پولیس بے لگام ہوچکی ہے اور وہ جھوٹے مقدمات درج کرکے شہریوں سے بھاری رشوت وصول کرتی ہے آن لائن کے مطابق ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے کہاکہ وہ آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پولیس غنڈہ گردی کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

دیہاتیوں نے احتجاج کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رکھا اور تمام راستے بند کردیئے جس سے کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہی بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے انہوں نے ممبر قومی اسمبلی نثار احمد جٹ اور دیگر معززین دیہات کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کرائیں گے اور اس واقعہ میں ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ پولیس کا موقف ہے کہ جب وہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے گئے تو دیہاتیوں نے انہیں حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اور کئی گھنٹے تک انہین روکے رکھا۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :