ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلوں کے مواقع طلبا و طالبات کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، ڈی سی او حافظ آباد

اتوار 4 دسمبر 2016 19:51

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈنیشن مرضیہ حسنین نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلوں کے مواقع طلبا و طالبات کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے جہاں طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تو وہیں ان کی تعلیمی قابلیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

ان خیالات انہوںنے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، انجمن نوجوانان حافظ آباد اور گوجرانوالہ آرٹ کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے چلڈرن میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر گوجرانوالہ آرٹ کونسل ڈاکٹر حلیم خان، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر ساجدہ مشتاق، چیئرمین پریس کلب چوہدری امتیاز احمد تاج،آرگنائزر و بانی انجمن نوجوانان حافظ آباد عبدالجبار رضا انصاری نے بھی خطاب کیا جبکہ مختلف سکولوں کے بچوں ،ان کے والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے چلڈرن میلہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی او سی مرضیہ حسنین کا کہنا تھا کہ حکومت بچوں کی تعلیمی و ذہنی قابلیت میں اضافہ کے لئے جہاں سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے تو وہیں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں وزیر اعلیٰ کے ادبی و کھیلوں کے پروگراموں کا بھی انعقاد کیا گیا ہے تا کہ طلبہ میں مقابلہ سازی اور خود اعتمادی پروان چڑھ سکے۔ چلڈرن میلہ میں سکولوں کے بچوںنے ملی نغمے، تقریریں، ٹیبلو اوراپنی ذہنی و فنی مہارتوںکا مظاہرہ کیا۔ بھٹہ مزدوروں کے سکول جانے والے بچوں اور بچیوں نے بھی خصوصی طور پر چلڈرن میلہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔