کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد پولیس چیک پوسٹ میں مسافر گاڑی سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کرکے بین الاضلاعی سمگلر کو گرفتار

اتوار 4 دسمبر 2016 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد پولیس چیک پوسٹ میں مسافر گاڑی سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کرکے بین الاضلاعی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش نے پولیس کی اس کامیاب کاروائی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل مبارک حسین دیگر پولیس نفری کے ہمراہ گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس اثناء میں علاقہ غیر درہ آدم خیل سے بنوں جانے والی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی میں موجود مشکوک سامان سے ناجائز اسلحہ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا جسمیں دو ریپیٹرز گن،پانچ عدد پستول اور 30بور کے پندرہ سو عدد کارتوس شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس نے گاڑی میں سوار اسلحہ کے بین الاضلاعی سمگلر منیر خان ولد محمد یٰسین سکنہ بنوں کو حراست میں لیکرفوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف ناجائز اسلحہ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس سربراہ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چھاپہ مار کاروائیوں کے علاوہ شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی چوکنا رہنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیںتاکہ جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے اور انہیں فرار کا کوئی راستہ نہ ملے۔

متعلقہ عنوان :