بھارت سے نواز شریف کی ذاتی دوستی پاکستان کو مہنگی پڑ رہی ہے،شیریں مزاری

سرتاج عزیز کا مودی کے عشائیے میں شریک ہونا انتہائی شرمناک ہے ،بھارت ہمارے لوگوں کو ماررہا ہے اور ہم ان کے ساتھ کھانے کھا رہے ہیں،بیان

اتوار 4 دسمبر 2016 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھارت میں جاری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی شرکت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کا مودی کے عشائیے میں شریک ہونا انتہائی شرمناک ہے اور بھارت سے نواز شریف کی ذاتی دوستی پاکستان کو مہنگی پڑ رہی ہے۔

بھارت ہمارے لوگوں کو ماررہا ہے اور ہم ان کے ساتھ کھانے کھا رہے ہیں۔اتوار کو جاری اپنے بیان میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے شہریوں کو مار رہا ہے اور ہم اس کے ساتھ کھانے کھا رہے ہیں۔ سرتاج عزیز کو کانفرنس سے ایک دن پہلے صرف مودی کے عشائیہ کے لیے بھیجا گیا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا سرتاج عزیز کو بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر بھیجا گیا اور کیا اسی وجہ سے ہماری حکومت بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب بھی نہیں دیتی تحریک انصاف کی راہنما کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر چلنا ہماریلیے اور اس خطے کے نقصان دہ ہوگا۔

(جاری ہے)

مودی سرکار نواز شریف کی کمزوری سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔بھارت ہماری سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ کرتا ہے اور سفارتی حلقوں میں پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپگینڈا بھی کرتا ہے۔ ہمارے ترکی کے ساتھ تعلقات خراب ہورہے ہیں۔ مستقبل قریب میں بھارت ہماری سرحدیں افغانستان کے ساتھ تجارت کے لیے استعمال کرے گا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ عشائیے میں افغان اور ایرانی وزرا خارجہ کو مودی کے ساتھ اور سرتاج عزیز کو ایک صحافی کے ساتھ بٹھانا پاکستان کی کھلی تضحیک کے مترادف ہے۔