یوم ثقافت کے موقع پر انجمن تاجران تمباکو بازار کے زیر اہتمام صرافہ بازار سے ثقافتی ریلی نکالی گئی

اتوار 4 دسمبر 2016 19:40

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء)یوم ثقافت کے موقع پر انجمن تاجران تمباکو بازار کے زیر اہتمام سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں صرافہ بازار سے ثقافتی ریلی نیکالی گئی ریلی میں تاجروں، دکانداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء تجارتی مراکز صرافہ بازار، لیاقت بازار، مسلم بازار، تمباکو بازار سمیت دیگر تجارتی مراکز سے گشت کرتے ہوئے ثقافتی گیت جیئے سندھ جیئے، جیئے سندھ وارا جیئے پر والہانہ رقص بھی کیا۔

ثقافتی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجروں کا کہنا تھا کہ سندھ دھرتی اولیاء، صوفیائے کرام کی دھرتی ہے جہاں پر حضرت لعل شہباز قلندر، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی، سید عبداللہ شاہ غازی، حضرت سچل سرمست، صدرالدین بادشاہ سمیت دیگر صوفیائے کرام نے امن، بھائی چارے، پیار اور محبت کا درس دیا ۔

(جاری ہے)

سندھی ثقافت صوبہ سندھ کی پہچان اور سندھ کے عوام کی جان ہے۔ سندھی ٹوپی اور اجرک کا پہناوا امن و محبت، رواداری اور ملنساری کی علامت ہے۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ کی تہذیب و ثقافت ہزاروں سال قدیم اور صدیوں پر محیط ہے۔ ہمیں اپنی ثقافت اور سندھ کی روایات پر فخر ہے۔ سندھ دھرتی، پیار محبت، کی سرزمین ہے۔ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر نفرتوں کو ختم کر کے محبت کے پیغام کو عام کرنا چاہیئے اس حوالے سے سندھی ثقافت کا دن جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے سندھ کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کیلئے سندھ میں بسنے والے تمام افراد مخلصانہ جدوجہد کریں۔