وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں مگر پھر بھی کراچی کے مسائل حل کریں گے، وسیم اختر

رٹس کونسل کراچی میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیاں عروج پر نظر آتی ہیں ان سرگرمیوں سے کراچی کا خوبصورت چہرہ پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے ، میئرکراچی

اتوار 4 دسمبر 2016 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) آرٹس کونسل میں جاری نویں عالمی اردو کانفرنس مشاعرہ کا اہتمام کیاگیا جس کے مہمان خصوصی مئیر کراچی وسیم اختر تھے ۔ وسیم اختر نے کہاکہ ان کے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں مگر پھر بھی کراچی کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کراچی میں ہر سیاسی پارٹی کے لوگوں کے پاس جارہے ہیں اور آج مسلم لیگ(ن)کے لوگوں کے پاس بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیاں عروج پر نظر آتی ہیں ان سرگرمیوں سے کراچی کا خوبصورت چہرہ پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے ۔ آرٹس کونسل کراچی کے محمد احمد شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کو زندہ رکھا ہوا ہے عالمی اردو کانفرنس مسلسل نویں مرتبہ ہورہی ہے یہ بھی آرٹس کونسل کراچی کا ایک کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

مجھے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے آرٹس کونسل کے ممبران کی سپورٹ چاہئے تاکہ ہم سب مل کر شہر کے لئے کچھ کرسکیں۔ اس موقع پر محمد احمد شاہ نے کہاکہ وسیم اختر ڈھائی کروڑ عوام کے منتخب کردہ میئر ہیں اور ان میں کام کرنے کی بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں۔ جبکہ مشاعرے میں ملک بھر سے آئے ہوئے شعراکرام نے اپنے اشعار سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔

مشاعرے کی صدارت رسا چغتائی کر رہے تھے ،جبکہ شعرامیں سحر انصاری، کشور ناہید، پیرزادہ قاسم، انور شعور، امدا دحسینی، عطاالحق قاسمی، فہمیدہ ریاض، افضال احمد سید، یاسمین حمید، عشرت آفرین، فاطمہ حسن، صابر ظفر، لیاقت علی عاصم، انعام الحق جاوید، احمد نوید، احمد فواد، عباس تابش، نذیر تبسم، سعادت سعید، شکیل جاذب، فاضل جمیلی،صغراصدف، ریحانہ روحی، عقیل عباس جعفری، شہناز نور، اجمل سراج، عنبرین حسیب عنبر، یشب تمنا، باصر کاظمی، غالب ماجدی، نجمہ عثمان،اے ایچ خانزادہ، غزل انصاری شامل تھے جبکہ ٹیلیفون پر انڈیا سے خوشبیر سنگھ شاد، منیش شکلہ اور رنجیت سنگھ چوہان نے اپنے کلام مشاعرے میں سنائے۔

متعلقہ عنوان :