رینجرز کی جانب سے کراچی کے علاقے سی ویو پر امن واک کا انعقاد کیا گیا

واک میں ڈی جی رینجرز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ماہ دسمبر کو ماہ قائد کے نام سے منارہے ہیں اور اس حوالے سے سندھ رینجرز نے ایسی صحت مندانہ تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈی جی رینجرز

اتوار 4 دسمبر 2016 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) سندھ رینجرز نے ماہ دسمبر بابائے قوم کے نام کر دیا اور اسی مناسبت سے اتوارکوکراچی کے ساحل پر امن واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں ڈی جی رینجرز، اسکول و کالجز کے طلبہ اور شوبز کی جانی پہچانی شخضیات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کی جانب سے سی ویو پر ماہ قائد کی مناسبت سے امن واک کا انعقاد کیا گیا۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی قیادت میں سی ویو سے شروع ہونے والی امن واک نشان پاکستان پارک پر اختتام پذیر ہوئی جس میں اسکول، کالجز کے طلبہ اور شوبز کی نامور شخصیات سمیت شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ااس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے تھے۔ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبرنے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماہ دسمبر کو ماہ قائد کے نام سے منارہے ہیں اور اس حوالے سے سندھ رینجرز نے ایسی صحت مندانہ تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد سے عوام کو روشناس کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امن واک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے واک نشان پاکستان پارک سی ویو پر اختتام پزیر ہوئی جہاں ایک تقریب کے دوران اسکول کے طالب علموں اور مقررین نے پاکستان کے حصول میں قائد اعظم کے کردار اور پاکستان کی ترقی کیلئے عوام کے رول پر روشنی ڈالی۔امن واک میں پاکستان زندہ آباد کی صدائیں بلند ہوتی رہیں اور مقررین نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے کردار پر روشنی ڈالی۔

کمانڈر سچل رینجرز نسیم پرویز کا کہنا تھا کہ شہریوں کا بڑی تعداد میں واک میں شریک ہونا کراچی میں قیام امن کا ثبوت ہے، عوام اور رینجرز ایک ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ رینجرز نے کراچی میں قیام امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، رینجرز جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے واک میں شریک ہوئے۔ تقریب کے آخر میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کلچر ڈے کی مناسبت سے پولیس افسران سمیت شوبز اور سول سوسائٹی کی شخضیات کو سندھی ٹوپی اور اجرک بھی پہنائی۔

اس موقع پر شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے کراچی میں قائم امن و امان کے حوالے سے رینجرز کی قربانیوں کا سراہانے کا موقع ملتا ہے۔خیال رہے سندھ رینجرز کی جانب سے ماہ دسمبر کو ماہ قائد کے نام سے منسوب کر کے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، رینجرز حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد قائد اعظم کی جدوجہد کو روشناس کروانا ہے۔

اس ضمن میں شہر کی اہم عمارتوں پر قائد اعظم کے تصاویری پورٹریٹ اور ان کے افکار والے بینرز آویزاں کیے جائیں گے تاکہ عوام محمد علی جناح کی جدوجہد سے واقف ہوں اور اس ملک کی قدر کریں۔ امن واک کے بعد سندھ رینجرز سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے شرکا میں سندھی ٹوپی اور اجرک تقسیم کی ۔ سندھ رینجرز کے تحت ماہ قائد اعظم کے تحت بانی پاکستان کے یوم ولادت تک مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا