بھارت اور افغانستان کا دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، ا نسداد دہشت گردی کیلئے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نریندر مودی اور اشرف غنی نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے حالیہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا ،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

اتوار 4 دسمبر 2016 19:30

امرتسر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) بھارت اور افغانستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ا نسداد دہشت گردی کے لئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی جس میں سرحد پار دہشت گردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

دونوں رہنمائوں نے انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے 1ارب ڈالرکی اضافی رقم کو دوطرفہ تعاون کے لئے خاص طور پر استعداد کار میں اضافے ،سکل ڈیویلمپنٹ ،بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ممکنہ فضائی کوریڈورسمیت کنیکٹوٹی روابط کے لئے متحرک کرنے پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے بھارت اور افغانستان کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا ۔

وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سورب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور اشرف غنی نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے حالیہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا ۔ دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے مشترکہ خطرے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے، اقوام متحدہ اور دیگر متعلقہ فورموں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔