مچئی پن بجلی گھر پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کے حملے کے بارے میں صوبائی وزیر توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے انکوائری کا حکم دے دیا

اتوار 4 دسمبر 2016 19:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع مردان میں تعمیر ہونے والے 2.6میگاواٹ مچئی پن بجلی گھر پر سیاسی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے دھاوا بولنے اور وہاں پر زبردستی غنڈہ گردی کے ذریعے اپنے نام کی تختی لگانے کے اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں توانائی کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات اور کرپشن سے پاک توانائی منصوبے شروع کرنے پر مخالفین حواس باختہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔

حال ہیں ضلع سوات میں 84میگاواٹ کے مٹلتان پن بجلی گھر کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر مخالفین کی جانب سے منصوبے کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھنے کے جھوٹے پروپیگنڈے سے ان کی سیاسی دکان چمک نہ سکی جس کے بعد اب وہ غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں جس کی صوبائی حکومت ہر گز اجازت نہیں دے گی ۔

(جاری ہے)

مچئی پن بجلی گھر پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کے حملے کے بارے میں صوبائی وزیر توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔

خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان کی جانب سے اتوار کے روز مچئی پن بجلی گھر پر عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما گوہر باچا کی سربراہی میں کارکنوں کی طرف سے بجلی گھر میں زبردستی گھس کر دھاوا بولنے اور وہاں پر اپنی پارٹی کے نام کی افتتاحی تختی لگانے کی کوشش کو کھلی غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں برسراقتدار تحریک انصاف کی صوبائی مخلوط حکومت کے دور میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے کرپشن فری اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جس سے مخالفین کی نیندین حرام ہو چکی ہیں ۔

مچئی پن گھر کے منصوبے پر مخالفین کے حملے سے منصوبے پر کام کرنے والی چینی انجینئرز کی ٹیم میں عدم تحفظ پایاجاتا ہے اور یہ منصوبے کو متاثر کر سکتی ہے ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حال ہی میں ضلع سوات میں صوبے کے سب سے بڑے پن بجلی گھر کے منصوبے 84میگاواٹ گورکین مٹلتان کا سنگ بنیاد رکھا گیا جہاں پر مخالفین نے یہ غلط پروپیگنڈہ پھیلانے کی کوشش کی کہ اس منصوبے کا پہلے سنگ بنیاد رکھا جا چکاتھا اس سلسلے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ منصوبے کا صرف پی سی ون منظور کیا گیا نہ منصوبے کو ٹینڈر کیا گیا او رنہ ہی کوئی باقاعدہ کام کا عملی طور پر سنگ بنیاد رکھا گیا بلکہ سیاسی جماعت کی جانب سے سنگ بنیاد کی تختی لگاکر عوام میں غلط تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔

ترجمان نے کہا کہ منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز اب کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں جھوٹے پروپیگنڈے سے حکومتی اقدامات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ ترجما ن نے بتایا کہ مچئی پن گھر پر ہونے والے سیاسی جماعت کے حملے کے واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں او رجلد ہی ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر توانائی و برقیات محمد عاطف خان کی زیر قیادت محکمہ توانائی و برقیات اور اس کے ذیلی ادارے پر پیڈو وغیرہ توانائی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنی تمام تو توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں اور مخالفین کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :