خاتم النبینؐ کی تعلیمات ہی اسلام کی اصل اساس اور بنیاد ہیں‘ حضورؐ کی محبت کے بغیر ایمان کی تکمیل کا سفر ممکن نہیں‘ نئی نسل کو ابتدائی عمر سے حضورؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانا چاہیے‘ کائنات کیلئے قیامت تک ہر شعبہ زندگی میں حضور ؐ کی تعلیمات رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے

مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان کا محفل میلاد النبی ؐ سے خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 19:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ خاتم النبینؐ کی تعلیمات ہی اسلام کی اصل اساس اور بنیاد ہیں۔ حضورؐ کی محبت کے بغیر ایمان کی تکمیل کا سفر ممکن نہیں۔ نئی نسل کو ابتدائی عمر سے حضورؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانا چاہیے۔

کائنات کیلئے قیامت تک ہر شعبہ زندگی میں حضور ؐ کی تعلیمات رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ تعلیمی اداروں کو اللہ کے نبی ؐ سے عشق و محبت کے مراکزمیں تبدیل کر کے آفاقی پیغام سے دنیا کو مستفید کیا جاسکتا ہے۔ علم مرتے وقت تک حاصل کیا جاسکتا ہے مگر اچھی تربیت بچپن میں ہی حاصل ہوسکتی ہے، دین پر چلنے والے لوگ انتہاء پسند نہیں ہوسکتے،اسلام کی وجہ سے دنیا میں فساد نہیں منفی رویوں کی وجہ سے فساد پیدا ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس معاشرے میں فاتحہ خوانی پر ایک پارٹی کا کارکن دوسری پارٹی کے رہنمائوں کو منع کرے وہ معاشرہ کیا ترقی کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفائی ایجوکیشن سسٹم کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی ؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ سکولوں اور کالجز میں تربیت کا بہترین ذریعہ محافل میلاد ہیں جہاں بچوں کو تلاوت ، نعت ، تقاریر کی بہترین تربیت اور اُس پر بہترین عبور حاصل ہو جاتا ہے۔

اسلام دنیا کی واحد تہذیب ہے جو دنیا و آخرت کی بات کرتا ہے۔ ذکر کے کلمات سے دل کو سکون ملتا ہے اور انسان کے اندر خوف خدا پیدا ہوتا ہے۔ دین پر چلنے والے لوگ انتہاء پسند نہیں ہوسکتے، تقریب سے ڈائریکٹر مصطفائی ایجوکیشن سسٹم اشتیاق بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے ادارہ تعلیمی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ مصطفائی ایجوکیشن سسٹم نے میرپور بورڈ سے پہلی پوزیشن حاصل کی ، پاکستان نعت کونسل میں پورے پاکستان میں سید امامہ گیلانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مہمان خصوصی سردار عتیق احمد خان نے بہترین کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات سمیت اساتذہ میں شیلڈ تقسیم کیں۔ محفل میلاد میں سابق وزیر حکومت مرتضیٰ گیلانی، دیوان چغتائی،راجہ ثاقب مجید، شمیم ملک ،سجاد عباسی پیپلزپارٹی کے رہنماشوکت جاوید میر، سمعیہ ساجد،ہارون آزاد،تصور موسوی،سید وقاص گیلانی،تاج چک،راجہ افتخاراکرم،قذافی الطاف،ارشاد مغل ، یاسر نقوی سمیت طلباء و طالبات کے والدین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

اس موقع پر ادارہ کے طلباء و طالبات نے نعت رسول مقبول ؐ پیش کی جس پر حاضرین نے خوب داد بھی دی۔ سردار عتیق احمد خان نے بہترین کارکردگی کے حامل طلباء وطالبات کو بھی مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوںنے مختصر مگر بہترین محفل کا انعقاد کیا۔ بچوں کی پرفارمنس سے دیکھ کر محفل سے جانے کا دل نہیں کیا انہوںنے کہا کہ بہت ساری مصروفیات تھیں جو ترک کر کے پوری تقریب میں موجود رہا۔

متعلقہ عنوان :