تھوڑی سی توجہ اور محنت سے خصوصی بچوں کو زندگی میں کامیاب وکامران کیا جا سکتا ہے ،رانا اشرف جاوید

اتوار 4 دسمبر 2016 19:00

اوکاڑہ۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر کمیونٹی ڈویلپمنٹ رانا اشرف جاوید نے کہا ہے کہ خصوصی بچے اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی طرح بھی کسی نارمل بچے سے کم نہیں ہیں، تھوڑی سی توجہ اور محنت سے خصوصی بچوں کو زندگی میں کامیاب وکامران کیا جا سکتا ہے ،ہمیں ان خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد سے زندگی کی مشکلات پر قابو پا سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم معذوراں کے موقع پر ادارہ گنج شکر سپیشل ایجوکیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں سپیشل بچوں ،ان کے والدین اور اس ادارہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا ء کی کثیر تعداد نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی افراد کو زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ،ضلع میں مخصوص نشستوں پر اب تک 76سپیشل افراد کو ملازمتیں دی جا چکی ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈی سی او سقراط امان رانا کی بھر پور معاونت خصوصی شفقت اور راہنمائی سے ضلع کے سپیشل ایجوکیشن کے ادارے پنجاب بھر میں مثالی پوزیشن حاصل کئے ہوئے ہیں، بعد ازاں عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اس موقع پر خصوصی بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے ۔