قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی احساس محرومی کے خاتمے اور حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے‘پارٹی نے عملی طور پر پختونوں کو ایک نئی امید اور ان کی تعمیر و ترقی کو نئی جہت دی ہے

سینئر صوبائی وزیراورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائوکی وفد سے بات چیت

اتوار 4 دسمبر 2016 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) سینئر صوبائی وزیراورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی احساس محرومی کے خاتمے اور حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی نے عملی طور پر پختونوں کو ایک نئی امید اور ان کی تعمیر و ترقی کو نئی جہت دی ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں انقلاب لائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی وطن پارٹی ضلع ملاکنڈ کے چیئرمین جھانگیر خان کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد کے ساتھ وطن کور پشاور میں ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملاکنڈ کے سرکردہ کارکنوں آمین الرحمان خان،ذاکر خان اور مرسلین خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپا? کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائونے کہا کہ ہم خالی نعروں اور خوشنما اعلانات پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی جدوجہد کے ذریعے پختونوں کیلئے ایک نئی صبح اور درخشاں مستقبل کیلئے نبردآزما ہیں۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو معاشرے میں اعلیٰ و ارفع مقام دلانا اورعالمی سطح پر ان کو ایک باوقار حیثیت حاصل کرنا ہمارا نصب العین ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ پختونوں میں نہ صرف مثبت سوچ کو فروغ دے بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کے بارے میں مثبت سوچ پیدا کرے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو ہمیشہ دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے اور ان کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہیں اور انھوں نے ہمیشہ قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے لیکن اس تناسب سے ان کو وہ پزیرائی نہیں ملی جو ملنی چاہیے۔