معاشرے کے بے وسیلہ اور محروم طبقات کی دستگیری کرنے والے ادارے معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہیں‘حکومت پنجاب فلاحی اداروں کی بھرپور معاونت کررہی ہے‘ حکومت پنجاب نے بے وسیلہ بچوں کے لئے انڈوومنٹ فنڈ اورپنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے توسط سے مفت تعلیم کاسلسلہ شروع کررکھا ہے

وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 4 دسمبر 2016 18:40

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے کے بے وسیلہ اور محروم طبقات کی دستگیری کرنے والے ادارے معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہیں۔حکومت پنجاب ایسے فلاحی اداروں کی بھرپور معاونت کررہی ہے تاکہ ضرورت مند افراد کی امداد کا عمل تقویت پکڑے اور کوئی بھی ایسا فرد محروم نہ رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج رائل پام میں ایس او ایس چلڈرن ویلج کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن ویلج الماس بٹ،لبنی لاشاری اور سابق وزیر بیگم ثریا انور بھی موجود تھیں۔تقریب کے انعقاد کا مقصد فلاحی کاموں کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بے وسیلہ اور معاشی تنگدستی کا شکار افراد کی بحالی کے عمل کو ارادوی شکل دی ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ مخلوق خدا کی بھلائی کے عمل میں پوری قوم کو یکساں طور پر شریک کیا جائے۔سماجی بھلائی ایک عظیم نیکی ہے جس سے پورا معاشرہ فیض یاب ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے لئے انڈوومنٹ فنڈ اورپنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے توسط سے مفت تعلیم کا منظم سلسلہ شروع کررکھا ہے جس سے لاکھوں گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی خدمت کرنے والے ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی سے دیگر صاحب ثروت افراد اوراداروں کو بھی نیکی کے اس عمل میں شریک ہونے کی تحریک ملتی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر الماس بٹ کو ایس او ایس چلڈرن ویلج کے بچوں کے لئے اپنی جیب سے ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :