لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ کا فائنل باڑیز نے گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم کو ہرا کر جیت لیا

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2016ء کے فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد باڑیز نے گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم کو 8-7 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جنرل (ر) جہانگیر کرامت، مسزتمیز جنرل شاہ رفیع عالم، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر،اسحاق خان خاکوانی، شاہ قبلائی عالم، شاہ شمیل عالم، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی اور بہت بڑا کرائوڈ بھی فائنل دیکھنے کیلئے موجود تھا۔

حسام علی حیدر نے گارڈ گروپ /نیوایج کی طرف سے پہلا گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی مگر حمزہ مواز خان نے فوری گول برابر کردیا۔ تیسرے چکر تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر تھا۔

(جاری ہے)

آخری چکر میں حمزہ مواز خان نے باڑیز کی ٹیم کو دو گول کی برتری دلا دی۔ حسام علی حیدر نے خوبصورت گول سکور کرکے برتری کم کردی۔ اس طرح باڑیز کی ٹیم نے میچ 8-7 سے جیت لیا۔

باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے چھ گول جبکہ راجہ سمیع اللہ نے دو گول سکور کیے۔ گارڈ گروپ /نیوایج کی طرف سے حسام علی حیدرنے 4 گول جبکہ تیمور علی ملک، المان جلیل اعظم اور عدنان جلیل اعظم نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں حبیب میٹرو لائنز نے الائیڈ بینک کو دلچسپ مقابلے کے بعد آدھے گول سے شکست دیدی۔ حبیب میٹرو کی ٹیم کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔

حبیب میٹرو لائنز کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے تین گول سکور کیے جبکہ الائیڈ بینک کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے تین گول سکور کیے۔ اختتامی تقریب میں جنرل (ر) جہانگیر کرامت نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔حمزہ مواز خان کو مین آف دی میچ دیا گیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جنرل (ر) جہانگیر کرامت کا کہنا تھا کہ لاہور پولو کلب آکر ہمیشہ ہی اچھا لگا ہے۔

شاہ رفیع عالم ایک انتہائی بہترین انسان اور پولو کے کھلاڑی تھے۔ ان کی پوری فیملی پولو کی خدمت کر رہی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ان کے بیٹے شاہ قبلائی عالم، شاہ شمیل عالم بہت اچھے پولو کے کھلاڑی ہیں۔ میں اتنے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مسز تمیز رفیع عالم اور لاہور پولو کلب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ باڑیز کے کپتان نفیس باڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کمبی نیشن بہت اچھا چل رہا ہے۔

یہ رواں سیزن تیسرا ٹائٹل جیتا ہے۔ اگلے ہائی گول میں ایک سائوتھ افریقن غیر ملکی کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہوگا۔ لاہور پولو کلب میں دنیا کی بہترین کوالٹی کی پولو کھیلی جاتی ہے۔ مین آف دی میچ قرار پانے والے حمزہ مواز خان کا کہنا تھا کہ وہ فارم میں آچکے ہیں۔ ہائی گول میں اچھے پرفارمنس دکھانے کی کوشش کریں گے۔ نفیس باڑی اور جمیل باڑی دونوں بھائیوں نے مجھ پرجو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتر نے کی کوشش کر رہا ہوں۔

متعلقہ عنوان :