سپیشل لاہوری سنڈے برنچ ممبران اور فیملیزکی بڑی تعداد میں شرکت، بچوں میں چاکلیٹ تقسیم

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) لاہور پریس کلب کیفے ٹیریا کمیٹی نے معزز ممبران اور ان کے اہلخانہ کے لئے سپیشل لاہوری ناشتہ کا اہتمام کیا۔ لاہوری ناشتہ مینو میںہردلعزیز مشہورپکوان دیسی بکرے کے پائے، بونگ، مرغ وانڈہ چنے، حلوہ ، لسی ، کلچے، چائے اوردیگرکھانے مہیا کئے گئے ۔ پروگرام میں ممبران کی فیملیز خصوصا بچوںاورخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورلاہورشہرکے ناشتہ کے روائتی کھانوں سے خوب لطف اندوزہوئے۔

ممبران اوران کی فیملیزکی کثیرتعداد کی آمد کے پیش نظر پریس کلب کیفے ٹیریا ،فیض احمد فیض ہال اور کلب کے لان میں بیٹھنے کے انتظامات کئے گئے تھے۔ سنڈے برنچ میں آنے والے تمام ممبران کی فیملیزمیں اور بچوںمیں چاکلیٹس تقسیم کی گئیں جس پر ممبران اور ان کے اہل خانہ نے پریس کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہرکی کہ اسے مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاںنے کہا کہ منتخب باڈی نے کلب کے ممبران اور ان کی فیملیز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے اور آج لاہور پریس کلب ایک مکمل فیملی کلب بن چکا ہے۔ اور پورا سال فیملیزکیلئے متواتر کیساتھ پروگرام کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے۔انھوںنے کیفے ٹیریا کمیٹی اورکلب سٹاف کو لاہوری ناشتہ پروگرام کے بہترین انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔