پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام صوبائی آفس سے پنجاب اسمبلی چوک تک میلاد ریلی

عاشقان رسول گلی محلوں گھروں کو سبز پرچم ،برقی قمقموں سے سجائیں ،دورود وسلام سے فضا کو معطر کردیں ‘ مقررین

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام میلاد ریلی صوبائی آفس حضرت پیر مکی داتا دربارسے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی پہنچ اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کی قیادت ڈویثرنل صدر علامہ مجاہد عبد الرسول خان کی اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ عاشقان رسول گلی محلوں گھروں کو سبز پرچم اور برقی قمقموں سے سجائیں ،میلاد مصطفی ﷺ مناتے ہوئے دورود وسلام سے فضا کو معطر کردیں ، پاکستان دنیا میں اسلام کا قلعہ اس وجہ سے کہلاتا ہے کہ یہاں عاشقان رسول بستے ہیں ،دوردو سلام کی خوشبو سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لینگے عید میلاد النبی ﷺ کے جلسے، جلوس اور میلاد ریلیوں کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں ،زبانی جمع خرچ سے اہلسنت کو طفل تسلیاں نہ دی جائیں ،میلاد جلو س ،ریلیوں اور جلسوں کو لائوڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ،سرکار دو عالم ﷺ کا جشن ولادت منانا اللہ رب العزت کی وحدانیت کی دلیل ہے ، ،عاشقان رسول ﷺ جشن ولادت شایان شان طریقے سے منائیں گے ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب میلاد کے جلوسوں اور محافل کو سکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں لاہور پولیس بھی خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے سکیورٹی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی جرائم پیشہ افراد اور عوام دشمن عناصر دندنناتے پھر رہے ہیں انشاء اللہ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد مصطفی ﷺ گھر گھر ،گلی گلی ،نگر نگر ،شہر شہر میں منایا جائیگا ، ریلی سے خطاب کر تے ہوئے سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے منظور ہونیوالا منارٹی بل اسلام اور آئین کے خلاف ہے ،اس بل کو فی الفور واپس لیا جائے ،جشن ولادت ﷺ منانا ہمارے ایمان کا ہم جز ہے ،اسلام کے منافی کسی بل کو قبول نہیں کرینگے ،ایک طرف اسلام مخالف بل لایا جارہا ہے تو دوسری طرف اسلام دشمن قوتیں اسکولوں میں فحاشی نظام رائج کرنے کے درپے ہیں ،پاکستان کو سیکولر ازم نہیں بننے دینگے ، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن شیخ محمد نواز قادری نے کہا کہمذہبی منافرت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ان کے خلاف قانون کو فوری حرکت میں لایا جائے پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور یہاں اسلامی نظام کانفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے ۔

اس موقع پر علامہ سرفراز سیالوی ، علامہ ریاض ہزاری ، مولانا شریف الدین قذافی ، پیر سیف اللہ نقشبندی ، مفتی محمد سلیم نقشبندی ، علامہ شفاقت ہمدامی، حافظ محمد رمضان قادری ، سمیت دیگر رہنمائوںاور کارکنان نے بھرپور شرکت کی ۔