ٹورازم کارپوریشن کے پیراگلائیڈنگ ایونٹ میں بین الاقوامی نوجوان کی شرکت

بنگلہ دیشی نوجوان محمد آصف حسن عوبی سمیت ایبٹ آباد، کوہاٹ ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں سے طلباء و طالبات نوجوانوں کی پیراگلائیڈنگ ایونٹ میں شرکت صوبہ کے نوجوانوں کو تفریحی سہولیات سمیت مصری بانڈہ اور دیگر علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، عادل صافی

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے مصری بانڈہ ضلع نوشہرہ میں انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کا ایونٹ منعقد ہوا جس میں بنگلہ دیشی نوجوان محمد آصف حسن عوبی نے خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سیاحت، کھیل، آثارقدیمہ و امور نوجوانان عادل صافی، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خواجہ محمد سکندر ذیشان ، ڈسٹرکٹ ممبر نوشہرہ ہارون خان، ایس ایس پی آپریشن محمد سجاد سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں،صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون اور ونگزگلائیڈنگ اینڈ ایڈونچر کے پیراگلائیڈنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں 18 مردو خواتین نے پیراگلائیڈر زنے پیراگلائیڈنگ کی،ڈپٹی سیکرٹری عادل صافی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ایڈونچر سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں ٹورازم کارپوریشن نے جہانگیرہ کے مقام پر رافٹنگ ، مصری بانڈہ میں پیراگلائیڈنگ اور دیگر ایونٹس کا انعقاد کیا، صوبہ خیبرپختونخوا جغرافیائی لحاظ سے کافی اچھا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جن مقامات پر ایڈنچر تفریحی سیاحت ممکن ہو سکتی ہے ان کو سیاحتی لحاظ سے آباد کیا جا سکے، پیراگلائیڈنگ میں مردو خواتین کی شرکت کافی خوش آئند ہے اور اس مرتبہ بنگلا دیش کے نوجوان نے بھی پیراگلائیڈنگ ایونٹ میں حصہ لیا، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خواجہ محمد سکندر کا کہنا تھا کہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے مشکور ہیں جنہوںنے نوجوانوں کیلئے تفریحی سہولیات پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور مصری بانڈہ اور دیگر مقامات کو آباد کیا، ضلعی حکومت کی جانب سے ان قسم کی سرگرمیوں کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی اور ہماری کوشش ہے کہ ان مقامات کو سیاحتی لحاظ سے آباد کیا جائے کیونکہ ہمارے صوبہ کا تاثر غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ یہ پرامن صوبہ ہے، پیراگلائیڈنگ کے ایونٹ میں بنگالی نوجوان محمد آصف حسن عوبی سمیت کوہاٹ، ایبٹ آباد اور اسلام آباد سے نوجوانوں نے شرکت کی، جن میں مومینہ سلیم ، فاطمہ اقبال، عنا اقبال، ماحم شاہ، نعمان سعید، اسرار عزیز، سعد احمد، مصبق الاسلام، ذیک آفریدی، خرم شہزاد، محمد نعمان، عبدالصمداور سعد منان سمیت دیگر شامل تھے، صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے عوام کو پیراگلائیڈنگ کی شاندار ایڈونچر سپورٹس کی سہولت فراہم کی گئی جس میں آنے والے نوجوانوں نے خوب سہراہا،جس کا مقصد صوبہ کے نوجوانوں کو ایڈونچر سپورٹس اور مصری بانڈہ کے مقام پر سیاحت کو فروغ دینا تھا ۔