ایک ہفتہ تو کیا ایک دہائی تک بھی یوم تاسیس کی تقریبات منائی جاتی رہیں کارکنوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا ‘ ناہید خان

پارٹی کو جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کیا محلات کے اندر یوم تاسیس منانے سے اسے پائوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے‘ خصوصی گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء)محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ جب تک پارٹی کے اندر احتساب اور بلاول اپنے کندھوں پر کسی کا اٹھایا بوجھ نہیں اتارتے ایک ہفتہ تو کیا ایک دہائی تک بھی یوم تاسیس کی تقریبات منائی جاتی رہیں کارکنوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا ،بلاول ہماری شہید قائد کا بیٹا ہے اور ہمیںاس کا احترام ہے لیکن پارٹی کو چلانے کیلئے زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پارٹی کو جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کیا محلات کے اندر یوم تاسیس منانے سے اسے پائوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے ۔ بھٹو شہید اور بی بی شہید کا سیاسی وارث بننا ہے توکڑے فیصلے کرنا ہوںگے ۔

(جاری ہے)

پارٹی کے لئے نقصان کا باعث بننے والوں کا احتساب کیا جائے ، پارٹی کے اندر اوپر سے نیچے تک شفاف انٹر اپارٹی انتخابات کا انعقاد کرایا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ بلاول نے اپنے کندھوں پر جو بوجھ اٹھا رکھا ہے وہ انہیں آگے نہیں بڑھنے دے گا انہیں اسے اپنے کندھوں سے اتار کر عوام اور کارکنوں کے مفاد میں فیصلہ کرنا ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو 2018ء میں قومی اسمبلی کے ممبر تو بن سکتے ہیں لیکن وزیر اعظم نہیں بن سکتے کیونکہ آئین میں وزیر اعظم کے لئے عمر کی کم از کم حد 35سال مقرر ہے ۔