جماعت اسلامی کی فہم دین کمیٹی کا منصورہ میں حافظ محمد ادریس کی زیر صدارت اجلاس

اتوار 4 دسمبر 2016 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کی فہم دین کمیٹی کا اجلاس منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کی صدارت میںمنعقد ہوا ۔ چاروں صوبوں سے ارکان کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاکہ یہ ملک قر آن و سنت کے نام پر وجود میں آیاہے ۔

ملک کی صوبائی اور قومی اسمبلیاں آج جو قانون سازی کر رہی ہیں ، وہ قرآن و سنت اور خود دستور پاکستان کے بھی منافی ہے ۔ سندھ اسمبلی کی مذہب میں ناروا مداخلت پر ہر مسلمان سراپا احتجاج ہے ۔ ہندو اقلیت کو دستور نے مکمل تحفظ دیاہے ۔ موجودہ بل سے ہندو اقلیت کو فائدہ پہنچنے کی بجائے نفرتوں میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

مرکز میں بھی حکومتی پارٹی اور اپوزیشن پیپلز پارٹی ملی بھگت کر کے آمریت ، کرپشن اور حکمران طبقے کی من مانی حرکتوں کو تحفظ دینے کے لیے قانون سازی کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کوئی بھی قانون جو قرآن و سنت اور دستور پاکستان کے منافی ہو ، اپنا جواز کھوبیٹھتاہے ۔ اس ملک کے عوام قرآن اور صاحب قرآن صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں مگر قرآن کی تعلیمات سے ہر شخص کو روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔ دروس قرآن اب بند کمروں اور حجروں کی بجائے پارکوں اور شاہراہوں پر کیے جارہے ہیں جس سے ہزاروں مرد و خواتین استفادہ کرتے ہیں ۔ ہر علاقے میں وہاں کی مقامی زبان میں لوگوں کو قرآن سمجھانے کی ضرورت ہے ۔ قرآن کا نور پھیلے گا تو ہمارا دیس جگمگائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ظلم و ناانصافی کا علاج قرآنی تعلیمات کو سرکاری سطح پر نافذ کرنے سے ہی ممکن ہے ۔ ایوان اقتدار میں قرآن کا داخلہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :