جاگ پنجاب جاگ ، پاکستان جل رہا ہے ،ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو گو نواز گو کا نعرہ چار دیواری سے نکل کر پورے ملک میں گونجے گا‘ بلاول بھٹو

بی بی شہید کا بیٹا آیا ہے کیا سندھ میں تبدیلی آئی ہے ، کیا پارٹی میں تبدیلی آ رہی ہے ‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کارکنوں سے سوال پیپلز پارٹی سندھ کے ورکرز کنونشن سے خطاب ،بلاول نے گو نثار گو ، اگلی باری پھر زرداری کے نعرے بھی لگوائے سندھی ثقافت کا دن بھی منایا گیا ،کیک کاٹا گیا،وزیر اعلیٰ سندھ نے بلاول کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا

اتوار 4 دسمبر 2016 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’’جاگ پنجاب جاگ ‘‘ پاکستان جل رہا ہے ،تخت رائے ونڈ والوں سنو ابھی ہمارا گو نواز گو کا نعرہ چار دیواری کے اندر گونج رہا ہے اگر ہمارے چار مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو یہ پورے ملک میں گونجے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی سندھ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر بختاور بھٹو زرداری ، آصفہ بھٹو زرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، شیریں رحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سندھی ثقافت کا دن بھی منایا گیا او رکیک کاٹا گیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کیوجہ سے نیشنل ایکشن پلان ناکام ایکشن پلان بن گیا ہے ۔

گو نثار گو کا نعرہ تخت لاہور سے اٹھ رہا ہے ۔انہوںنے گو نثار گو کے نعرے لگواتے ہوئے کہا کہ ’’ جاگ پنجاب جاگ ‘‘ پاکستان جل رہا ہے ۔ انہوںنے کارکنوں سے استفسار کیا کہ جب سے بی بی شہید کا بیٹا آیا ہے کیا سندھ میں تبدیلی آئی ہے ، کیا پارٹی میں تبدیلی آ رہی ہے ۔ اگر آپ لوگ میرا ساتھ دیتے ہیں تو انشا اللہ 2018ء میں آپ کا وزیر اعظم کون ہوگا جس پر کارکنوں نے بلاول ، بلاول کے نعرے لگائے ۔

انہوں نے کہا کہ تخت رائے ونڈ والو سنو ابھی ہمارا نعرہ چار دیواری کے اندر گونچ رہا ہے جب بھٹو میدان میں آیا تو گو نواز گو کا نعرہ پورے ملک میں گونجے گا ۔ اگر 27دسمبر تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا اور پھر پورا پاکستان گونج اٹھے گا گو نواز گو ۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو ،شہید بی بی ، شہید نصرت بھٹو ، شہید شاہنواز ،شہید میر مرتضیٰ کی پارٹی جیت سکتی ہے ، بلاول کی پارٹی جیت سکتی ہے ۔

اس موقع پر انہوںنے ’’ اگلی باری پھر زرداری ‘‘ کے نعرے بھی لگوائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے شوہر کو قاتل کہنا کہاں کا انصاف ہے ، شہید کے خاندان پر تہمت لگانا یہ کہاں کا انصاف ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے بلاول بھٹو کو سندھی اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی جبکہ دیگر رہنمائوں نے بھی ایک دوسرے کو سندھی اورٹوپی کے تحائف دئیے ۔کنونشن میں سندھ کا ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا ۔ بلاول بھٹو تقریر کے بعد کارکنوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔