بلاول بھٹو زرداری کے ملک گیر دوروں نے سیاسی میدان میں ہلچل برپا کردی، نصیب چند کی گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 17:00

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے صوبائی رہنماء پیر نصیب چند نے کہا ہے کہ پی پی پی ملک میں بڑی سیاسی جماعت ابھر کر عوام کی احساس محرومی کاازالہ کرے گی۔نوجوان چئیر مین بلاول بھٹو زرداری کے ملک گیر دورے سیاسی میدان میں ہلچل برپا کر چکے ہیں ۔گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی رہنماء نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اسلاف نے شہادتیںدیں مگر اصولی سیاست کو پروان چڑھانے پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے دورہ لاہور کے موقع پر پی پی پی خیبر پختونخواہ کی صوبائی کابینہ اور کارکنا ن سے ملاقات نے پارٹی کو مزید مستحکم اور کارکنان کو حوصلہ بخشا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی صدر پی پی پی ہمایون خان اور نو منتخب کابینہ پر مکمل اعتماد ہے جن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی چیئر مین بلاول بھٹو کی خیبر پختونخواہ آمد پر بھر پور استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مرکزی چئیر مین بلاول بھٹو کی سیاسی جدو جہد سے مخالف سیاسی حریف جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی آئیندہ عام انتخابات 2018میں ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی۔