جہلم ‘باہمی چپقلش پر کانسٹیبل نے ساتھی اہلکار کو گولی ماردی ‘ منور حسین موقع پر جاں بحق‘ قاتل اہلکار کاشف بٹ گرفتار

اتوار 4 دسمبر 2016 16:50

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) تھانہ سٹی میں باہمی چپقلش ، کانسٹیبل نے ساتھی کانسٹیبل کو گولی ماردی ، منور حسین موقع پر جاں بحق، قاتل کاشف بٹ گرفتار ، تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی میںتعینات دو کانسٹیبلوں منور حسین اور کاشف بٹ گزشتہ رات معمول کے گشت پر تھے کہ ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر کانسٹیبل کاشف اکرام بٹ نے مشتعل ہو کر منور حسین پر فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل منور حسین موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ کانسٹیبل کاشف بٹ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل منور حسین کی لاش سول ہسپتا ل منتقل کر دی گئی جہاں ڈی پی او حسن اسد علوی ، ڈی ایس پی شاہد صدیق ، ڈی ایس پی شاہد نذیر اور دیگر اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او جہلم حسن اسد علوی نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جبکہ کانسٹیبل منو ر حسین کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کرنے کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ۔ملزم کاشف اکرام کے خلاف زیر دفعہ 302مقدمہ درج کرکے پابند حوالات کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :