ملک میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار سے بہت کم ہے،شفقت حسین بھٹی

اتوار 4 دسمبر 2016 16:30

ملتان۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے، ان میں وٹامنز اور دیگر اہم غذائی اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو انسانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ پاکستان میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار سے بہت کم ہے ،ماہرین کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350 گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ہاں یہ مقدار 100 سے 150 گرام فی کس روزانہ ہے ،یہ بات ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت شفقت حسین بھٹی نے قصبہ مڑل میں سبزیوں کی پیداواری ٹیکنالوجی اور غذائی اہمیت کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع چوہدری نصیر احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل نذیر احمد بھٹی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں،اے ایچ او محمد اقبال نیازی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت( توسیع)رائے ظفرعباس کھرل،رانا محمد عارف،محمد تقی اور مختلف مراکز کے زراعت آفیسرز وفیلڈ سٹاف سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ای ڈی او زراعت نے مزید کہا کہ ہمار ے ہاں سبزیوں کا استعما ل انسانی صحت کیلئے سفارش کر د ہ مقدار کے آدھی سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے ہمارے ہاں بیماریوں اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اس موقع پر چوہدری نصیراحمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں کمرشل اور گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینا ہوگاتاکہ ہم اپنے اور قوم کیلئے صاف ستھری اور معیاری سبزیاں پیدا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمیں آرگینک فارمنگ کی طرف بھی آنا پڑے گاکیونکہ دنیا میںنامیاتی طریقہ سے اگائی جانے والی سبزیوں اور دوسری زرعی اجناس کی مانگ میںروز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔اس موقع پر نذیر احمد بھٹی نے کہا کہ سبزیوں کو پکا کرکھانے کے مقابلہ میں کچی حالت میں کھانے کے زیادہ فوائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کا استعمال انسانی جسم میں بہت سی بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔اور کچھ سبزیاں ایسی بھی ہیں جو کینسر جیسے مہلک مرض کیخلاف ڈھال کا اثر رکھتی ہیں۔